Aaj News

ہفتہ, مئ 10, 2025  
12 Dhul-Qadah 1446  

عوام تیاری کرلیں! ملک کے کئی علاقوں میں بارش ہونے والی ہے

بارش کہاں کہاں ہوسکتی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی
شائع 08 اپريل 2025 11:30am

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد میں آج رات کو تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، اسی طرح خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش متوقع ہے۔ جبکہ خضدار اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے علاقے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ اور میانوالی میں بھی بارش کا امکان ہے، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بادل برسیں گے۔ اس کے علاوہ نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا،

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، کوہستان، تورغر، کرم، خیبر، اورکزئی، مہمند، مردان اور صوابی میں گرج چمک اور تیزہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، سب سے کم درجہ حرارت کالام 7 ، چترال 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی متوقع، سمندری ہوائیں بحال

ادھرکراچی میں موسم کے بدلتے رنگ نظر آنے لگے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ شہر میں سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کی امید ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے کراچی کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں اس وقت مطلع صاف ہے اور تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ گرمی کی شدت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے اور جنوب مغربی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم سمندری ہواؤں کی بحالی سے درجہ حرارت میں مزید بہتری کی امید ہے۔

Met Office

Rain

rainy weather

Rain prediction

rain predicted