امریکی کانگریس میں قرارداد اور قانون سازی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس میں قرارداد اور قانون سازی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں،کسی امریکی وفد سے پی ٹی آئی کا کوئی رابطہ نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان کا کہناتھاکہ امریکی کانگریس میں بے شمار قراردادیں اور قانون سازی ہوتی ہے۔ امریکی کانگریس میں قانون سازی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، کسی امریکی وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر پی ٹی آئی کے ساتھ کسی کا کوئی رابطہ نہیں۔
اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں سے متعلق سوال پر کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں سےاتنا ہی باخبر ہوں جتنا آپ لوگ باخبر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آئندہ کا لائحہ عمل الائنس کے ساتھ طے کرے گی، مولانا فضل الرحمان نے مجلس عاملہ کے بعد 15 اپریل کو فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ الائنس بنائیں گے، آئندہ کا لائحہ عمل مشترکہ طے کریں گے اور مشترکہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر ٹی او آرز طے کیے جائیں گے۔ نفرت نہیں بلکہ ہم بھائی ہیں آپس میں یہ اختلاف ہوتا رہتا ہے، ہم جمہوری پارٹی ہیں کسی کو بولنے سے منع نہیں کرتے، واضح کیا ہے کہ اگر بات کرنی ہے تو پارٹی کے اندر بات کریں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے پہلے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہوا، کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوا۔ اعظم سواتی نے 2022 کا حوالہ دیا تھا۔ خواہش ہے کہ بات چیت ہو لیکن پارٹی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چلتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈائیلاگ ہرصورت ہونا چاہئے، اعظم سواتی نے 2022 کا حوالہ دیا ہے، خواہش ہے کہ بات چیت ہونی چاہئے، لیکن پارٹی پالیسی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چلتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں ڈائیلاگ ہر صورت ہونا چاہئے، میری خواہش ضرور ہے کہ بات چیت ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی نے قرآن پر حلف کے ساتھ تہلکہ خیز انکشافات کیے، ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ 2022 میں عمران خان نے کہا آرمی چیف کے پاس جاؤ اور گفتگو کے دروازے کھولو۔
اعظم سواتی نے کہا کہ بشری بی بی نے بھی کہا شریعت کے مطابق تنازعات بات چیت سے طے ہوتے ہیں، جنرل عاصم منیرکے ایک اُستاد، عارف علوی اور ایک مشہور اینکر کے ذریعے کوشش کی مگربات چیت کےدروازے نہیں کھلے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی نے تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے منسوب بعض خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو اس موقع پر خاتون اول بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں، ملاقات کا اہتمام ڈاکٹر بابر اعوان نے کیا اور ان کے بیٹے کو عمران خان سے ملوایا، بانی پی ٹی آئی نے 10 منٹ میری صحت سے متعلق پوچھا، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میرا علاج ہوا۔
Comments are closed on this story.