Aaj News

اتوار, اپريل 13, 2025  
14 Shawwal 1446  

کل سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغازہوگا، وزیراعظم اور آرمی چیف خطاب کریں گے، علی پرویز ملک

منرلز انویسٹمنٹ فورم میں 300 غیر ملکی نمائندے شرکت کریں گے، وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2025 05:14pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں کل سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغازہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب کریں گے۔ جس کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگرکرنا ہے۔ ہمیں پائیدارمعاشی استحکام کیلئے اپنے معدنی وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔ فورم میں 3 سو غیرملکی نمائندے شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نےکہا کہ معدنیات کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے منرلز انویسٹمنٹ فورم اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورم میں پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع کواجاگرکیا جائے گا۔ منرلزانویسٹمنٹ فورم میں 300 غیرملکی نمائندےشرکت کریں گے، منرلز انویسٹمنٹ فورم کےموقع پر بعض معاہدوں بھی متوقع ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ فورم میں ریکوڈک سمیت اہم معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری، سکیورٹی اور حکومتی پالیسیوں پر توجہ مرکوز ہوگی۔ فورم میں شرکت کیلئےغیرملکی مہمانوں کی آمد شروع ہو چکی ہے، فورم میں تقریباً 2 ہزار مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، سعودی عرب اور چین سے وفود آ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ترکیہ، آذربائیجان، امریکا سے سینئر حکام کی آمد متوقع ہے، بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر موجود ہیں۔

اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر او جی ڈی سی ایل احمد حیات نے کہا کہ منرلزانوسٹمنٹ فورم کا انعقاد اب باقاعدہ سالانہ بنیادوں پر کیا جائے گا تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہو اورمعیشت کو پروان چڑے ۔ فورم کےموقع پر بعض ذخائرکی دریافت کا اعلان بھی ہوگا۔

مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کوخطے میں معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے نیا تجارتی اورمعاشی مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں منرلز انویسٹمنٹ فورم پاکستان میں معادنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئے مہمانوں کی آمد

ادھر پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے غیرملکی کمپنیوں کے اکابرین کی آمد جاری ہے، سعودی گولڈ ریفائنری کے ڈپٹی چیئرمین ’فیصل سلیمان الاُثَیم‘ اسلام آباد پہنچ گئے۔

سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے ڈائرکٹر پراجیکٹ منیجمنٹ،’عبدالسلام عبداللہ‘ بھی وفد کے ہمراہ پہنچ گئے، سعودی جیولو جیکل سروے کے سی ای او، ’عبداللہ مُفتر الشمرانی‘ بھی اپنے وفد کے ہمراہ پہنچ گئے۔ فنلینڈ کی کمپنی ”میٹسو“ کے وائس پریزیڈنٹ ’مِکّو سوری‘ بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ جو اپنے وفد کے ہمراہ فورم میں شریک ہوںگے۔

”سعودی صنعت و معدنی وسائل“ کے ڈائریکٹر ’احمد اید الثُبَیتی‘ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، امریکہ، یورپ، ایشیا، روس، ترکی کے حکام پاکستان پہنچ رہے ہیں، مشرق وسطہ سمیت متعدد ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام، عالمی کمپنیوں کے اکابرین میں پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کے لئے پاکستان آ رہے ہیں۔

پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹرمیں ہوگا، فورم کے دوران تمام مہمانان گرامی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے استوار کریںگے، مختلف کاروباری امکانات پر یاداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔