دھونی آئی پی ایل سے ریٹائر ہو رہے ہیں؟ اصل کہانی سامنے آگئی
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھارتی اسٹار کھلاڑی مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ کی خبریں زور پکڑنے لگی ہیں۔ دوسری جانب بھارت کے سابق لیجنڈری کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے درمیان ہمیشہ سے ایک لائن رہی ہے۔
بھارت کے مایہ ناز سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے لیکن اس بار موضوع ان کی بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ نہیں بلکہ ریٹائرمنٹ کے امکانات ہیں۔
چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان حالیہ میچ کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی ہیں کہ ممکنہ طور پر یہ آئی پی ایل سیزن دھونی کا آخری ہو سکتا ہے۔
43 سالہ دھونی کی بیٹنگ میں واضح کمی نے ان خدشات کو مزید تقویت دی تاہم ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان کول نے اس حوالے سے وضاحت پیش کی۔
دھونی نے کہا کہ میں ہر سیزن کو الگ نظر سے دیکھتا ہوں، ابھی کھیل رہا ہوں، اگلے سال کھیلنا ہے یا نہیں؟ یہ میرے جسم کا فیصلہ ہوگا، میرا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس تقریباً 10 ماہ کا وقت ہے اس بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کے لیے، اور اس وقت وہ خود کو صرف موجودہ سیزن پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ دھونی اس سیزن میں فٹنس اور وکٹ کیپنگ کے شعبے میں اب بھی کئی نوجوانوں پر بھاری دکھائی دے رہے ہیں، تاہم بیٹنگ کے محاذ پر ان کی کارکردگی میں وہ ”فنشنگ ٹچ“ دکھائی نہیں دے رہا جو ان کی پہچان ہوا کرتا تھا۔
دہلی کے خلاف حالیہ میچ میں دھونی نے 26 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن ٹیم کو 50 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چنئی سپر کنگز اب تک سیزن میں صرف ایک کامیابی سمیٹ سکی ہے، جس نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کیا دھونی واقعی آئی پی ایل کو الوداع کہنے کے قریب ہیں؟ یا یہ ان کے کیریئر کا ایک اور موڑ ہے؟ یہ جاننے کے لیے شائقین کو شاید اگلے چند مہینے انتظار کرنا ہوگا۔
میرے اور کوہلی کے درمیان ہمیشہ سے ایک لائن رہی، دھونی کا انکشاف
دوسری جانب بھارت کے سابق لیجنڈری کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے درمیان ہمیشہ سے ایک لائن رہی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی کے درمیان تعلقات ہمیشہ خبروں کی زینت رہے ہیں، اب خود دھونی نے ایک انٹرویو میں ان تعلقات سے جڑی دلچسپ باتیں شیئر کی ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے رشتے میں دوستی بھی ہے لیکن ایک واضح لکیر بھی کھینچی گئی تھی۔
سابق کپتان نے کہا کہ ”کوہلی ہمیشہ ایسا کھلاڑی رہا ہے جسے چھوٹے اسکور پر اطمینان نہیں ہوتا تھا، وہ کبھی 40 یا 60 پر رکنے والا نہیں تھا، اس کا ہدف ہمیشہ سنچری اور ناٹ آؤٹ اننگز ہوتا تھا۔“
دھونی کے مطابق اس میں وہ بھوک شروع سے ہی موجود تھی اس نے اپنی بلے بازی کو بہتر کیا اور کارکردگی دکھانے کی اس کی خواہش ابھی بھی موجود ہے، اس نے ہمیشہ اپنی فٹنس کی سطح کو بلند کیا، آج بھی وہ اسی جذبے کے ساتھ کھیلتا ہے۔
بات چیت کے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے دھونی نے کہا، ”ہمارے درمیان گفتگو ہمیشہ کھری اور مقصد پر مبنی ہوتی تھی، شروعات میں یہ رشتہ ایک کپتان اور نئے کھلاڑی جیسا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ وہ گفتگو دوستی میں بدل گئی۔“
ایم ایس دھونی نے ایک دلچسپ بات کہی کہ اب بھی میں محسوس کرتا ہوں کہ ہمارے درمیان ایک نادیدہ لائن موجود ہے، سینئر اور جونیئر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رشتہ احترام پر مبنی ہے، اور یہی چیز اس کی خوبصورتی ہے۔
دھونی نے یہ بھی مزاحیہ انداز میں کہا کہ چونکہ اب ہم دونوں کپتان نہیں ہیں، اس لیے “ٹاس سے پہلے زیادہ وقت بات چیت کے لیے مل جاتا ہے!
یاد رہے کہ جب ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹایا گیا تھا، تو انہوں نے کہا تھا کہ اس مشکل وقت میں صرف ایک کھلاڑی نے انہیں ذاتی پیغام بھیجا اور وہ مہندر سنگھ دھونی تھے۔
یہ تعلق کبھی استاد اور شاگرد کا تھا، کبھی کپتان اور نائب کا اور آج بھی ایک خاص احترام اور فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے دوستی کی منفرد مثال ہے۔
Comments are closed on this story.