ٹرمپ انتظامیہ کا پہلا دورہ پاکستان، امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار سمیت وفد اگلے ہفتے آئے گا، ذرائع
امریکی کانگریس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد 10 اپریل سے 15 اپریل تک ملک میں قیام کرے گا اور دورے کے دوران اہم سیاسی، عسکری اور معاشی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وفد کی قیادت امریکی کانگریس کے رکن جنرل (ر) جیک برگمین اور رکن کانگریس ٹام سوزی کریں گے۔ دورے کے دوران امریکی وفد وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق امریکی وفد مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرے گا جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر کا بھی دورہ کرے گا، جہاں انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر مفصل بریفنگ دی جائے گی۔
دورے کے دوران وفد کو کرتارپور راہداری کا بھی دورہ کروایا جائے گا، تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت اقدامات کو اجاگر کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ ملاقاتوں کے دوران معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون پر بھی بات چیت ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے امکانات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اور اس دورے کو دوطرفہ روابط میں بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔