Aaj News

ہفتہ, اپريل 12, 2025  
13 Shawwal 1446  

مینار پاکستان جلسہ: اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی نے ’پلان بی‘ پر کام شروع کردیا

پی ٹی آئی قیادت کا عوام کو موجودہ حالات سے آگاہ رکھنے کے لیے ہر ممکن فورم استعمال کرنے کا فیصلہ
شائع 05 اپريل 2025 04:40pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پارٹی قیادت نے متبادل حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے یونین کونسل کی سطح پر کارنر میٹنگز، جلسوں اور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ ملک کے مطابق پنجاب بھر میں 10 اپریل کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ لاہور میں یہ ریلی دوپہر ایک بجے جی پی او چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی تک جائے گی۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ ریلی بانی پی ٹی آئی کو ناجائز طور پر جیل میں رکھنے کے خلاف نکالی جا رہی ہے۔

ان کے مطابق بانی کو دو سال سے بے بنیاد مقدمات میں قید رکھا گیا ہے اور عدالتی نظام سے انصاف نہ ملنے پر اب عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے جلسوں سے خوفزدہ ہے اور بانی پی ٹی آئی کی تصویر تک سے ڈرتی ہے۔ عالیہ حمزہ نے اعلان کیا کہ اب ہر یونین کونسل کی سطح پر اجتماعات اور سیاسی سرگرمیاں کی جائیں گی۔

پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرے گی اور عوام کو موجودہ حالات سے آگاہ رکھنے کے لیے ہر ممکن فورم استعمال کرے گی۔

plan b

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti minar e pakistan jalsa