وزارت داخلہ نے 24 کے قریب برٹش پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال کر دیے
وزارت داخلہ نے 24 کے قریب برٹش پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال کر دیے ہیں جن کے پاکستانی شناختی کارڈز سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملہ کرنے کے الزام میں منسوخ کیے گئے تھے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے اور برطانیہ میں مقیم دو درجن کے قریب پاکستانیوں کے نام ان کی معمول کی حیثیت پر بحال کر دیے گئے ہیں اور حکومت پاکستان کے ایک فیصلے میں ان کے شناختی کارڈز کی منسوخی اور ختم کرنے کا عمل ختم کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ سال نومبر کے اوائل میں، وزارت داخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو واقعے کی فوٹیج کے ذریعے فوری طور پر ”حملہ آوروں“ کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
تقریباً 23 برٹش پاکستانی نژاد مظاہرین کے نام شناخت کیے گئے، جنہیں پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کیا گیا اور سابق چیف جسٹس عیسیٰ پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیے گئے۔
برطانوی حکومت کو ایک خط بھی بھیجا گیا جس میں ان پاکستانیوں کی حوالگی کی درخواست کی گئی۔
پی سی ایل میں پی ٹی آئی رہنماؤں ملیکہ بخاری، عبداللہ ایم کہلون اور ماہر تعلیم رحمان انور کے نام شامل تھے جنہوں نے سابق چیف جسٹس کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا تھا لیکن شام کو عیسیٰ کی گاڑی کو روکے جانے کے واقعے کا حصہ نہیں تھے۔