Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

پنجاب میں قیدیوں کی سزا معافی اور بقیہ سزا کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا

قیدیوں کے اہلخانہ ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ معلوم کرسکیں گے، محکمہ داخلہ پنجاب
شائع 04 اپريل 2025 11:08am

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پریزن ریفارمز اور قیدیوں کی فلاح کے لیے انقلابی اقدام سامنے آیا ہے، صوبے میں قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے جدید سسٹم کا افتتاح کر دیا، سسٹم کے تحت قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا جبکہ قیدیوں کے اہل خانہ اب ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ کے بارے میں جان سکیں گے۔

محکمہ داخلہ کے جوابی میسج میں گزشتہ 2 معافیوں کی تفصیل اور رہائی کی تاریخ دی جائے گی، تمام معلومات صرف ایک میسج پر دستیاب ہیں جس کے اسٹینڈرڈ چارجز 5 روپے ہیں۔

جیل قوانین کے مطابق قیدیوں کی سزا میں کمی یا معافی کی کئی صورتیں ہیں، سرکاری سطح پر معافی کے اعلان کے علاوہ تعلیم، تکنیکی صلاحیت کے حصول اور اچھے کردار پر سزا میں معافی ملتی ہے، سزا میں ہر معافی کو فوری طور پر قیدی کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اب قیدیوں یا اہل خانہ کو سزا میں معافی کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی، قیدیوں کی سزا میں معافی اور رہائی کا تمام ڈیٹا شفاف انداز میں آن لائن کیا گیا ہے، جدید سسٹم تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی قیدی کو مقررہ سزا سے ایک لمحہ بھی اضافی قید میں نہ رکھا جائے، قیدیوں کی سزا میں معافی کا ریکارڈ بروقت اپڈیٹ کرنے کیلئے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔

سیکریٹری داخلہ کے مطابق محکمہ داخلہ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں سرپرائز وزٹ کریں، کسی بھی سطح پر قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا، قیدیوں سے متعلق معلومات کے لیے درج ذیل لکھ کر 8070 پر میسج کریں۔

lahore

Punishment of prisoners

punjab jail

Prisoners Released

Prison Reforms

prisoners online record