Aaj News

جمعرات, اپريل 17, 2025  
19 Shawwal 1446  

بھارتی طیارے کٹی پتنگوں کی طرح گرنے لگے، ایک اور حادثے میں پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی

لڑاکا طیارہ بدھ کی رات تقریباً 9:30 بجے جام نگر کے قریب گر کر تباہ ہوا جس دوران اس میں آگ لگ گئی، رپورٹس
شائع 03 اپريل 2025 09:14am

بھارت میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ گجرات کے علاقے جام نگر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع گجرات کے علاقے جام نگر میں لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

تربیتی مشن پر جانے والا ایک لڑاکا طیارہ بدھ کی رات تقریباً 9:30 بجے جام نگر کے قریب گر کر تباہ ہوا جس دوران اس میں آگ لگ گئی۔

بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ دوران پرواز گرکر تباہ

بھارتی فضائیہ حکام نے بتایا کہ لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی مشق میں مصروف تھا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ حادثے میں گراؤنڈ پر کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔ طیارہ گرنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جائے وقوع کی فوٹیجز سامنے آرہی ہیں، جس کے مطابق یہ حادثہ جام نگر سٹی سے 12 کلومیٹر دور پیش آیا، طیارے کے کاک پٹ پر آگ لگی دیکھی گئی اور اس کے پر بکھرے ہوئے تھے۔

طیارے کے حوالےسے بتایا گیا کہ یہ دو انجنوں پر مشتمل لڑاکا بمبار طیارے میں دو افراد کی گنجائش ہے اور اس طرح کے طیارے بھارتی ایئرفورس وسیع پیمانے پر استعمال کرتی ہے۔

واضح رہے دو روز قبل بھارت کی ریاست گجرات کے مہسانہ ضلع میں پیر کی شام ایک تربیتی طیارہ کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں خاتون ٹرینی پائلٹ زخمی ہوئیں تھیں۔

اس سے قبل 7 مارچ کو بھی بھارتی ایئرفورس کا ایک لڑاکا طیارہ سسٹم کی خرابی کے باعث انبالہ میں گر کر تباہ ہوگیا تھا اور پائلٹ طیارے کو شہری آبادی سے دور لے جانے میں کامیاب ہوا تھا اور بحفاظت طیارے سے اتر گئے تھے۔

Gujarat

Pilot Dies

Jaguar fighter jet crash

another injured