Aaj News

بدھ, اپريل 02, 2025  
03 Shawwal 1446  

’سکندر‘ کی سینما گھروں میں شاندار انٹری

عالمی سطح پر ریلیز اور مداحوں کی زبردست پذیرائی
شائع 31 مارچ 2025 04:12pm

بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’سکندر‘ کا انتظار ختم ہوا اور یہ باکس آفس پر دھوم مچانے کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ بھارت کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک، امریکہ اور یورپ میں بھی فلم کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اگرچہ فلم کی ایڈوانس بکنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم سینما گھروں میں فلم بینوں کا جوش و خروش قابلِ دید ہے۔

تجزیہ کاروں کا اندازہ تھا کہ فلم کی ایڈوانس بکنگ تقریباً 10 کروڑ روپے تک پہنچے گی، مگر حقیقی اعداد و شمار اس سے کم رہے۔ اس کے باوجود سلمان خان نے اپنی روایتی پُراعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ فلم 200 کروڑ روپے کا بزنس ضرور کرے گی، چاہے پسند آئے یا نہ آئے‘ مداحوں کی بڑی تعداد اب بھی فلم کو سپورٹ کر رہی ہے، جس سے اس کے کامیاب ہونے کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔

دو سال بعد سلمان خان کی بڑے پردے پر واپسی

’سکندر‘ کے ذریعے سلمان خان تقریباً دو سال بعد سلور اسکرین پر جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ ان کی آخری فلمیں ’ٹائیگر 3‘ اور ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2023 میں ریلیز ہوئیں، مگر 2024 میں وہ کسی بھی فلم کا حصہ نہیں بنے۔ اب ان کے مداح انہیں ایک بار پھر بڑے پردے پر دیکھ کر بے حد خوش اور پُرجوش ہیں۔

دیوانوں کی کمی نہیں، ایک مداح نےفلم ’سکندر‘ کے ایک لاکھ 72 ہزار کے ٹکٹ خرید کر بانٹ دیئے

ریکارڈ توڑ ٹریلر اور سوشل میڈیا پر مقبولیت

فلم کے ٹریلر نے ریلیز کے پہلے ہی دن دھماکہ خیز مقبولیت حاصل کر لی۔ 23 مارچ کو جاری کیے گئے اس ٹریلر کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 4.5 کروڑ بار دیکھا گیا، جس سے یہ بالی وڈ کے چند بڑے ٹریلرز میں شامل ہو گیا۔ حیران کن طور پر اس نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے ٹریلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جو مداحوں کے جوش و جذبے کا واضح ثبوت ہے

شاندار اسٹار کاسٹ اور ایکشن سے بھرپور مناظر

’سکندر‘ میں سلمان خان کے ساتھ راشمیکا مندانا مرکزی کردار میں جلوہ گر ہو رہی ہیں، جبکہ نواب شاہ، کاجل اگروال اور سنیل شیٹی جیسے منجھے ہوئے فنکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔ فلم کے ایکشن سیکوئنسز اور اسٹائلش پریزینٹیشن نے شائقین کو مسحور کر دیا ہے، جس سے یہ فلم ایک یادگار تجربہ بنتی جا رہی ہے۔

”میں نہ بیٹھ سکتا تھا، نہ کھڑا ہو سکتا تھا اور نہ ہنس سکتا تھا“، سلمان خان نے“سکندر“ گانے کی شوٹنگ یاد کرتے ہوئے کہا

سکندر’ باکس آفس پر کیا نئے ریکارڈ قائم کرے گی

اب سب کی نظریں اس پر جمی ہیں کہ ’سکندر‘ باکس آفس پر کیا نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ ابتدائی ردِعمل اور مداحوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے امکان یہی ہے کہ یہ فلم ایک بڑی ہٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ کیا یہ سلمان خان کی دیگر بلاک بسٹر فلموں کی صف میں شامل ہو سکے گی؟ یہ تو آنے والے دنوں میں واضح ہو گا، لیکن موجودہ جوش و خروش دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ ’سکندر‘ ایک زبردست فلمی تجربہ ثابت ہو رہی ہے۔

Salman Khan

Bollywood

Released

Film Sikandar