Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

چھوٹی عید کی بڑی خوشیاں: بچوں کی موج مستی، مردوں نے بھی کچن سنبھال لیا

عید کے تینوں دنوں میں یہ تفریحی سرگرمیاں جاری رہیں گی
شائع 31 مارچ 2025 03:48pm
Big joys of a small Eid, excitement across the country - Aaj News

عیدالفطر کی خوشیاں اپنے جوبن پر ہیں۔ پہلے دن بچوں نے عیدی جمع کرنے کے بعد میلے کا رخ کرلیا، جہاں جھولے، آئس کریم اور کھانے پینے کی موج مستی عروج پر ہے۔

عید تو بچوں کی ہوتی ہے، اور بچے عیدی لینے کے بعد میلوں میں مستی کرنے پہنچے بھی۔۔ جھولے، گھُڑسواری اور مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے بچہ پارٹی کا کہنا ہے کہ ساری عیدی میلے میں خرچ کرکے ہی واپس جائیں گے۔

مردوں نے کچن سنبھال لیا، حیدرآبادی ربڑی کی مانگ میں اضافہ

ملتان میں مرد حضرات نے عید کے پہلے دن کچن کی ذمہ داری خود سنبھال لی، جبکہ حیدرآباد میں میٹھی عید پر روایتی ربڑی کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہری عید کے خاص مواقع پر اس مزیدار سوغات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا پکنک پوائنٹس کا رخ، بچوں کی موج مستی جاری

اسلام آباد میں نماز عید اور قبرستان حاضری کے بعد شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔ جبکہ لاہور میں مینارِ پاکستان، پارکس اور چڑیا گھروں میں رش لگ گیا۔ بچوں نے عیدی خرچ کرنے کے لیے جھولے، آئس کریم اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جبکہ والدین بھی ان خوشیوں میں برابر شریک رہے۔

کراچی اور لاہور میں زو گارڈن کی رونقیں

کراچی میں فیملیز نے زو گارڈن کا رخ کیا، جہاں بچے جانوروں کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اٹھے۔ لاہور چڑیا گھر میں بھی بچوں نے ہاتھی نہ ہونے پر شکوہ کیا، جبکہ بڑوں نے چڑیا گھر کی تعمیرِ نو کو سراہا۔ تاہم، ٹکٹ کی قیمتوں پر شہریوں کا ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔

عید کے تینوں دنوں میں یہ تفریحی سرگرمیاں جاری رہیں گی، اور شہری ان خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانے میں مصروف ہیں۔

eid ul fitr 2025