ملک بھر میں عیدالفطر کے پہلے روز روح پرور اجتماعات، ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں
ملک بھر میں عید الفطر کے پہلے دن روح پرور اجتماعات ہوئے، نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت پاکستانی کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔**
ملک بھر میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں پاکستان و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری کے لیے قبرستانوں کو رخ کیا جبکہ قبرستانوں کے باہر پھولوں کے اسٹالز کی ایک بڑی تعداد دیکھنے کو ملی۔
اسلام آباد لاہور، پشاور کراچی کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں، دیہات کی مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں امت مسلمہ کے اتحاد، ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جنوبی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں جوانوں کے ساتھ عید
صدر مملکت کا پیغام
صدر آصف علی زرداری نے عید کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک کی برکتوں کے بعد اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، جو ہمیں روزے کی مشقت کے بعد عطا ہوا۔ یہ مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت اور قرب الہی حاصل کرنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس پرمسرت موقع پر ان بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے، اس لیے زکوٰۃ، صدقات اور فطرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ کوئی ضرورت مند عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
صدر نے مزید کہا کہ عید کا دن ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے اور ملک کو امن و خوشحالی کی راہ پر ڈال دے۔
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں خوشی اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ رمضان المبارک میں ہمیں تقویٰ، صبر اور قربانی کی تربیت ملی، جسے ہمیں اپنی زندگیوں میں جاری رکھنا چاہیے اور اسلامی اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں، ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا اور ملکی سالمیت و استحکام کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اس موقع پر ہم ان تمام شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں جنہوں نے ملک کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کیں۔ ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔
حکومتی و سیاسی رہنماؤں کی اپنے شہروں میں عید نماز
صدر مملکت آصف زرداری نے نواب شاہ میں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نمازعید ادا کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے جاتی امرا اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں اور اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نےلاہور میں نماز عید ادا کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے گڑھی خدابخش میں نماز پڑھی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے ڈی آئی خان میں عید نماز ادا کی۔
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اور وزیراعلی سرفرازبگٹی نے کوئٹہ میں نماز ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاتی امرا میں عید منا رہی ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول اور فاروق ستار نے گورنر ہاؤس کراچی میں میں نماز عید ادا کی، مشی وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں نمازپڑھی۔
Comments are closed on this story.