خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ صوبائی دارالحکومت پشاور کے افغان مہاجرین کیمپ اور باڑہ اور باجوڑ میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔
پشاور میں چار سدہ روڈ پر واقع افغان مہاجر خراسان کیمپ میں عید الفطر کی اجتماعی نماز ادا کی گئی۔جس کے بعد شہریوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی گئی۔
ادھر باجوڑ اور باڑہ میں بھی عید الفطر بھرپور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی، باجوڑ کی مختلف مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔
اس موقع پر مساجد اور عید گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہوں اور مساجد کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ باڑہ کے بیشتر علاقوں میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عیدالفطر منائی گئی، نماز عیدالفطر ادا کرکے ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
قبل ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے عید الفطر، روزوں کی طرح پوری مسلم دنیا کے ساتھ منانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایمل ولی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی طرح عید بھی امت مسلمہ کے ساتھ مل کر منائی جائے گی۔ تاہم، انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مرتبہ ولی باغ میں عید کے موقع پر ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔
ایمل ولی خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غرباء، ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کا خاص خیال رکھیں اور اپنی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کا ایک حصہ مستحق افراد کے لیے ضرور نکالیں تاکہ سب مل کر عید کی خوشیاں بانٹ سکیں۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ عید ہر مظلوم سرزمین کے لیے امن اور خوشحالی لے کر آئے۔
Comments are closed on this story.