سال کے پہلے سورج گرہن کی حیرت انگیز تصاویر
سال 2025 کا پہلا سورج گرہن آج ہوا جو پاکستان اور بھارت میں نہیں دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 51 منٹ پر ہوا، سورج گرہن کا اختتام شام 5 بج کر 44 منٹ پر ہوا۔
ادھر یورپ، افریقہ، شمالی امریکہ اور بحر اوقیانوس کے کچھ حصوں میں ہفتہ کو جزوی سورج گرہن ہوا جس کی وجہ سے دن کے وقت آسمان سیاہ ہو گیا۔ سال کے پہلے سورج گرہن کی حیرت انگیز تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
جزوی سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند سورج اور زمین کے درمیان سے گزرتا ہے، جس دوران چاند کی وجہ سے سورج کی روشنی کم ہوجاتی ہے۔ اس سے آسمان میں ایک منفرد اور دلفریب نظارہ پیدا ہوتا ہے۔

سورج گرہن مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں نظر آیا جس کے بہترین نظارے گرین لینڈ، کینیڈا، مغربی یورپ اور شمالی افریقہ میں دیکھے گئے۔ یہ اکثر طلوع آفتاب کے فوراً بعد یا غروب آفتاب سے قبل ظاہر ہوتا ہے، یہ منظر بالکل کسی فلمی سین کے مناظر جیسا لگنے لگتا ہے۔




جزوی سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند سورج کے صرف مختصر حصے کو ڈھانپتا ہے، جس سے ہلال کی شکل کا سورج بنتا ہے۔ جزوی سورج گرہن مکمل سورج گرہن سے مختلف ہوتا ہے، جہاں چاند سورج کو مکمل طور پر روک دیتا ہے۔
سورج گرہن کے دوران براہ راست سورج کی طرف دیکھنا آنکھ کو مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے۔