Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
02 Shawwal 1446  

نمک کے پانی میں تحلیل ہونے والا ماحول دوست پلاسٹک تیار کرلیا گیا

یہ پلاسٹک عام پلاسٹک کی طرح مضبوط ہے لیکن مخصوص حالات میں تحلیل ہو کر بے ضرر اجزاء میں تبدیل ہو جاتا ہے
شائع 29 مارچ 2025 07:53pm

جاپان کے ریکن سینٹر فار ایمرجنگ میٹر سائنس (CEMS) کے سائنسدانوں نے ایک ایسا جدید پلاسٹک تیار کیا ہے جو عام استعمال میں مضبوط رہتا ہے، لیکن سمندری پانی میں تیزی سے تحلیل ہو کر بے ضرر مرکبات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ تحقیق تاکوزو آیدا کی سربراہی میں کی گئی، جس کا مقصد پلاسٹک آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو حل کرنا ہے۔

عام پلاسٹک کے مقابلے میں یہ نیا پلاسٹک ماحول دوست ہے کیونکہ روایتی پلاسٹک میں مضبوط کوویلنٹ بانڈز ہوتے ہیں، جو انہیں دہائیوں یا صدیوں تک باقی رکھتے ہیں، اور یہی پلاسٹک جب ٹوٹ کر مائیکرو پلاسٹکس میں تبدیل ہوتا ہے تو انسانی صحت اور جنگلی حیات کے لیے سنگین خطرہ بن جاتا ہے۔

سائنسدانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے ”سپرا مالیکیولر پلاسٹک“ تیار کیا ہے، جو ایسے پولیمرز پر مشتمل ہے جن کی ساخت کو ریورسبل (واپس ہوسکنے والے) بانڈنگ کے ذریعے جوڑا گیا ہے۔ یہ پلاسٹک دو آئنک مونو مرز کو ملا کر بنایا گیا ہے، جو کراس لنکڈ سالٹ برجز تشکیل دیتے ہیں، جو اسے مضبوط اور لچکدار بناتے ہیں۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق، ایک مونو مر ایک عام خوراکی ایڈیٹیو (سوڈیم ہیکسا میٹا فاسفیٹ) تھا، جبکہ دوسرا کسی بھی گوانیڈینیم آئن پر مبنی مونو مر تھا۔ یہ دونوں اجزاء بیکٹیریا کے ذریعے تحلیل ہو کر ماحول میں جذب ہو سکتے ہیں، جو پلاسٹک کی مکمل بایو ڈی گریڈ ایبلٹی کو یقینی بناتا ہے۔

تحقیق کے سربراہ تاکوزو آیدا کا کہنا ہے کہ ’سپرا مالیکیولر پلاسٹک میں ریورسبل بانڈنگ کو عام طور پر اسے کمزور اور غیر مستحکم بنانے والا عنصر سمجھا جاتا تھا، لیکن ہماری تحقیق نے اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا‘۔

نئی تحقیق کے مطابق، یہ پلاسٹک صرف الیکٹرولائٹس (جیسا کہ سمندری پانی) کے رابطے میں آ کر تحلیل ہوتا ہے۔

اس پلاسٹک کی تیاری میں ”ڈی سالٹنگ“ (نمکیات کو الگ کرنا) ایک اہم مرحلہ تھا۔

سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ اگر پلاسٹک میں نمکیات باقی رہیں تو یہ ایک سخت کرسٹل بن جاتا ہے جو استعمال کے قابل نہیں رہتا۔ لیکن جیسے ہی یہ پلاسٹک نمکین پانی میں ڈالا گیا، اس کے بانڈز چند گھنٹوں میں تحلیل ہو گئے۔

یہ نئی دریافت پلاسٹک آلودگی کے عالمی بحران کے حل میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ یہ پلاسٹک عام پلاسٹک کی طرح مضبوط ہے لیکن مخصوص حالات میں تحلیل ہو کر بے ضرر اجزاء میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

Dissolvable Plastic

Eco Friendly Plastic