Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
02 Shawwal 1446  

ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 300 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اس قرض سے پنجاب حکومت کے ”اسموگ مٹی گیشن ایکشن پلان“ کو تقویت ملے گی
شائع 29 مارچ 2025 05:22pm

ورلڈ بینک نے پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 300 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق، یہ رقم صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خرچ کی جائے گی۔

عالمی بینک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قرض سے پنجاب حکومت کے ”اسموگ مٹی گیشن ایکشن پلان“ کو تقویت ملے گی، جس کا مقصد جامع اقدامات کے ذریعے عوامی صحت کو بہتر بنانا ہے۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق، پنجاب کلین ایئر پروگرام اسموگ کم کرنے کے منصوبے کے لیے ایک اہم معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لاکھوں شہریوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے سانس اور دل کی بیماریوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

عالمی بینک کے مطابق، پنجاب کلین ایئر پروگرام عالمی بینک کے نئے کَنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مطابق ہے، جس کے تحت آئندہ دس سالوں میں پی ایم 2.5 کی سطح میں 35 فیصد تک کمی لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے سے لاہور ڈویژن کے 1.3 کروڑ شہریوں کو فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی کا فائدہ پہنچے گا۔

World Bank

Punjab Clean Air Program