علی امین گنڈا پور پر بھی وار ہوگا، ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، شیر افضل مروت
قومی اسمبلی کے رکن شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور پر بھی وار ہوگا، ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 10 روز سے عمران خان سے ملاقات کے منتظر ہیں، جس طرح مجھے نکالا گیا وہی حالات علی امین گنڈا پور کے لیے بھی پیدا کیے جارہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں سینئر سیاستدان شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر نہیں ہیں، جس کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے, منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں جانے سے قاصر ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی گوریلا جنگ نہیں لڑ سکتی، سیکیورٹی میٹنگ کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، علی امین گنڈاپور گزشتہ 10 دن سے عمران خان سے ملاقات کے منتظر ہیں مگر انہیں روکا جا رہا ہے۔
شیر افضل مروت نے سوال اٹھایا کہ کہیں اپنے ہی لوگ تو اس ملاقات میں رکاوٹیں نہیں ڈال رہے؟ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور پر بھی جلد وار ہوگا، جس طرح مجھے نکالا گیا، ویسی ہی صورتحال گنڈاپور کے لیے بھی پیدا کی جا رہی ہے۔
رکن قوی اسمبلی نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان پر کوئی غلط طنز تو نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان اس اتحاد کا حصہ کیوں بنیں گے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کو ہو؟
شیر افضل مروت نے یہ بھی عندیہ دیا کہ ممکن ہے کہ مستقبل میں پی ٹی آئی سے مزید ارکان کو توڑا جا سکتا ہے۔