قتل کے خوف سے شوہر نے اپنی بیوی کی شادی اس کے محبوب سے کرا دی
بھارت میں جہاں بیویاں اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہروں کی جان کی دشمن بنی ہوئی ہیں وہیں ایک ایسا شخص سامنے آیا ہے جس نے اپنے قتل کے خوف سے خود ہی اپنی بیوی کی شادی محبوب سے کرا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں بھارت سے ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس میں ایک دوسرے کو پسند کرنے والے جوڑے نے شوہر کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے کر کے ایک ڈرم میں چھپا دیے تھے وہیں کچھ روز بعد ایک اور واقعہ سامنے آیا تھا جب بیوی نے شوہر کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل کا سہارا لیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں واقعات کو یاد کرتے ہوئے ببلو نامی شخص نے انوکھا فیصلہ کیا اور اپنی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے اس نے خود ہی اپنی بیوی کی شادی اس کی پسند کے شخص سے کرا دی۔ حیران کن طور پر خود شوہر شادی میں بطور گواہ شریک ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابو یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنت کبیر نگر کے گاؤں کٹار جوٹ میں پیش آیا جہاں ببلو کی 2017 میں گورکھ پور ضلع سے تعلق رکھنے والی رادھیکا نامی لڑکی سے شادی ہوئی تھی جن کے دو بچے بھی ہیں
بھارت: پڑوسی کے گھر جانے پر باپ نے 5 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمت کے باعث دوسری ریاست میں رہائش پذیر ببلو کو معلوم ہوا کہ اس کی بیوی کا ڈیڑھ سال سے ویکاس نامی شخص کے ساتھ تعلق ہے۔
شوہر ببلو اپنے گاؤں آیا اور بیوی سے پوچھ گچھ کی۔ تصدیق ہونے پر ببلو نے بیوی اور آشنا کی شادی کرادی اور بچوں کی پرورش خود کرنے کا فیصلہ کیا۔
جب ببلو سے پوچھا گیا کہ اُس نے ایسا کیوں کیا تو اس کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات دیکھ چکا ہوں جن میں شوہروں کو ان کی بیویوں نے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔
ببلو نے مزید کہا کہ حال ہی میں میرٹھ میں جو کچھ ہوا اسے دیکھنے کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا تاکہ ہم دونوں سکون سے رہ سکیں۔