فلم ’قلفی‘ عید الفطر پر دھوم مچانے کے لیے تیار
پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک اور بڑی فلم عید الفطر پر دھوم مچانے کے لیے تیار ہے، ’قلفی‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی سنسنی پھیل گئی ہے، کیونکہ اس فلم میں ہیکنگ، ایکشن، رومانس اور کامیڈی کا زبردست امتزاج پیش کیا گیا ہے۔
ٹریلر دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل ہے کہ کہانی کا اصل رخ کیا ہوگا! کیا یہ محض ایک لو اسٹوری ہے؟ کہیں کرائم تھرلر تو نہیں؟ یا پھر کامیڈی ایکشن کا دلچسپ امتزاج؟ لیکن ایک بات طے ہے، یہ فلم اپنے ناظرین کو حیرت میں ڈالنے والی ہے۔
میگا کاسٹ، پاورفل پرفارمنس
فلم میں پاکستانی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے نام شامل ہیں، جن میں بابر علی، شہروز سبزواری، جاوید شیخ، معمر رانا، اور عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔ شہروز سبزواری کو کئی منفرد روپ میں پیش کیا گیا ہے، کہیں وہ رومانس کرتے نظر آتے ہیں، تو کہیں ہیکر کے طور پر ایکشن میں۔
بابر علی اور عدنان شاہ ٹیپو کو ولن کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو ایک خطرناک گینگ کے ممبر معلوم ہوتے ہیں۔ معمر رانا پولیس آفیسر کے روپ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، جو ہیکرز کی تلاش میں ہیں۔ جاوید شیخ اپنی روایتی کلاس کے ساتھ فلم میں موجود ہیں، جو کہانی کو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔
عالمی معیار کی شوٹنگ اور میوزک کا تڑکا
فلم کی شوٹنگ پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی کی گئی ہے، جو اسے ایک بڑے بجٹ اور معیاری فلموں کی صف میں کھڑا کرتی ہے۔ اس میں راحت فتح علی خان کی آواز میں ایک رومانوی گانا اور ایک آئٹم سانگ بھی شامل کیا گیا ہے، جو میوزک کے شائقین کو ضرور پسند آئے گا۔
عید پر بڑی اسکرین کا مزہ!
ہدایتکار مشہود قادری کی یہ فلم اس سال کی سب سے بڑی میگا کاسٹ فلم کے طور پر سامنے آئی ہے، جو عید الفطر پر ملک بھر کے سینما گھروں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔ اگرچہ فلم کو کتنی اسکرینز پر ریلیز کیا جائے گا، اس پر ابھی تک وضاحت نہیں آئی، لیکن یہ طے ہے کہ بڑے شہروں کے سینما گھروں میں اس کی نمائش یقینی ہوگی۔
کیا ’قلفی‘ پاکستانی سینما کے لیے نئی امید بنے گی؟
پاکستانی سینما گھروں کی صورتحال کافی عرصے سے خراب ہے، لیکن ’قلفی‘ جیسی بڑی فلمیں شاید ایک نئی امید ثابت ہو سکتی ہیں۔ کیا یہ فلم عید پر شائقین کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگی؟ اس کا فیصلہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی ہوگا۔