عدالت نے اے وی سی سی پولیس کو ملزم کامران قریشی سے تفتیش کی اجازت دے دی
پولیس مقابلہ اور غیرقانونی اسلحے کے مقدمے میں اے وی سی سی نے عدالت سے کامران قریشی سے تفتیش کی اجازت سے مانگ لی، جس پر عدالت نے ملزم سے تفتیش کے لیے این او سی جاری کرتے ہوئے اے وی سی سی کو اجازت دے دی۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مصطفٰی عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کے خلاف پولیس مقابلہ اور غیرقانونی اسلحے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
اے وی سی سی پولیس نے عدالت سے ملزم کامران قریشی سے تفتیش کے لیے اجازت مانگی، جس پر عدالت نے ملزم سے تفتیش کے لیے این او سی جاری کر دیا۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ اے وی سی سی نے مقدمے میں ملزم کامران قریشی کی گرفتاری ڈال دی ہے۔ مصطفی عامر قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان پہلے ہی اس مقدمے میں گرفتار ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق پولیس مقابلہ و غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت ملزم کامران قریشی نامزد ہے۔ ملزم ارمغان عرف آرمی پہلے ہی اس مقدمے میں گرفتار ہے۔
انسپکٹر محمد علی کا کہنا ہے کہ ملزم اسلحہ پشاور سے خرید کے سندھ لایا، یہی اسلحہ پولیس مقابلے میں استعمال ہوا۔
خیال رہے کہ 20 مارچ کو اے وی سی، سی سی آئی اے پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کر کے مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو منشیات فروشی میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا۔ ملزم سے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔