پربھاس کی ٹیم نے ان کی شادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی
آج کل یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ تیلگو سپر اسٹار پربھاس آخر کار اپنی ذاتی زندگی میں سیٹل ہو رہے ہیں اور وہ ایک بزنس مین کی بیٹی سے شادی کرنے والے ہیں۔ تاہم، پربھاس کی ٹیم نے ان کی شادی سے متعلق افواہوں کا جواب دیا ہے۔
تیلگو سپر اسٹار پربھاس کی شادی سے متعلق افواہوں نے ایک بار پھر میڈیا میں ہلچل مچادی ہے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پربھاس اس سال حیدرآباد کے ایک معروف بزنس مین کی بیٹی سے شادی کرنے والے ہیں اور ان کی خالہ شادی کی تیاریوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔
سلمان خان نے سلمان، شاہ رخ کی ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ کے بارے میں بڑی اپڈیٹ دے دی
بھارتی میڈیا کے مطابق پربھاس کی ٹیم نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ایک بات چیت میں کہا کہ یہ سب ”جعلی خبریں“ ہیں۔ ٹیم نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اداکار کی ذاتی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر یقین نہ کریں۔
پربھاس کی شادی کے حوالے سے یہ پہلی بار نہیں ہے کہ افواہیں اُٹھی ہیں۔ اس سے قبل بھی یہ قیاس کیا گیا تھا کہ وہ اپنی مشہور فلم ”باہوبلی“ کی ساتھی اداکارہ انوشکا شیٹی کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔ دونوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف بہترین دوست ہیں، مگر ان کے مداحوں کی جانب سے انہیں جوڑا جاتا رہا ہے۔
ایک مرتبہ پھر، ایک خصوصی گفتگو میں پربھاس نے کہا کہ وہ اکثر اپنی شادی کے بارے میں سوالات سنتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس پر انہیں پریشانی ہوتی ہے، تو پربھاس نے جواب دیا، ”نہیں، جب لوگ میری شادی کے بارے میں پوچھتے ہیں تو مجھے ناراضگی نہیں ہوتی۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک فطری اور عام سوال ہے، جو لوگوں کی تشویش کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو مجھے بھی یہ سوال پریشان کرتا۔“
پربھاس اس وقت ہدایت کار ماروتھی کی فلم ”دی راجا ساب“ میں کام کر رہے ہیں، جس کی ریلیز 10 اپریل کو متوقع تھی، لیکن اب اس کی ریلیز میں تاخیر ہو گئی ہے۔
ان کے پاس آئندہ کی فلموں کی ایک بہترین لائن اپ ہے، جس میں ہدایت کار ہنو راگھواپوڈی کی ”فوجی“، سندیپ ریڈی وانگا کی ”اسپرٹ“، ناگ اشون کی ”کالکی 2“ اور پرشانت نیل کی ”سالار 2: شورینگا پروم“ شامل ہیں۔