موٹر وے پر ایک اور دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ، سی پی او کا جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم
موٹر وے پر ایک اور دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے ڈکیتی کی واردات کے دوران خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
گزشتہ روز پنجاب کے شہر فیصل آباد میں تھانہ ساندل بار کے علاقے میں موٹر وے پل 62 ج ب چنن کے قریب مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
عدنان نامی شہری اپنی اہلیہ کو زرعی یونیورسٹی ہاسٹل جھنگ روڈ سے گھر چک 62 ج ب چنن لے کر جارہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹ مار کی۔
ڈاکوؤں نے شہری کو درخت سے باندھ دیا اور خاتون کو کماد (گنے) کے کھیت میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے تھانہ ساندل بار میں متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں زیادتی اور ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ نمبر 339/25 درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد تھانہ ساندل بار کے علاقے میں دوران ڈکیتی خاتون سے مبینہ زیادتی کے معاملہ پر سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن عابد ظفر کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔