قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہو، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہو، ہمارے قرضے 77سالوں میں بڑھے ہیں، آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا، ہم نے اس قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔
پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن منفرد خوشی کا دن ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ دی جائے توملک کا سرمایہ بنیں گے، رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ صحت، تعلیم اور نوجوانوں کیلئے اقدمات کیے، آج کی دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلبہ میں تقسیم کیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں انھیں بہترین ہنر سے نوازیں گے، ہنرمند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شانداربنائیں گے، آئی ایم ایف پروگراموں سے معیشت میں استحکام آتا ہے، پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہو، ہمارے قرضے 77سالوں میں بڑھے ہیں، آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا، ہم نے اس قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، خادم بن کر پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا، کسان، صنعتکار اور نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، فیصلہ کر لیا ہم نے مل کر شبانہ روز محنت کرنی ہے۔ گزشتہ 3 ہفتےمیں 34 ارب روپے قومی خزانے میں آئے، بینکوں نے بہت زیادہ منافع کمایا جس پر ٹیکس لگا، ٹیکس لگنے پر تمام بینک عدلتوں میں چلے گئے.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں کھربوں روپے کے مقدمات زیر التوا ہیں، ہم نے اس معاملے پر اچھے طریقے سے غور کیا، 3 ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ سے اسٹے آرڈر ختم کرایا، گورنراسٹیٹ بینک، ایف بی آر کو کہا تو 23 ارب روپے واپس آ گئے، لاہور ہائیکورٹ سے اسٹے آرڈر ختم ہوا تو 11 ارب روپے واپس آ گئے۔
اس سے قبل رانا مشہود نے بھی پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے جدید مواقع کے ذریعے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کے مستقبل کو نئی شکل دے گا۔