Aaj News

اتوار, مارچ 30, 2025  
29 Ramadan 1446  

’بیگ کھولا اور بنا اجازت۔۔۔‘: نوجوان کھلاڑی کی حرکت نے ویرات کوہلی کو حیران کردیا

'اپنی اس حرکت کے بعد وہ بالکل نارمل بیٹھا رہا، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو'
شائع 26 مارچ 2025 08:33pm

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے افتتاحی میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دینے کے بعد رائل چیلنجرز بینگلورو (آر سی بی) کے کھلاڑی جشن کے موڈ میں تھے۔ آر سی بی نے کے کے آر کے 175 رنز کا ہدف صرف 16.2 اوورز میں 7 وکٹوں سے حاصل کر کے ایک شاندار جیت درج کی۔ اس جیت کے بعد ٹیم کو اگلے میچ سے پہلے چھ دن کا وقفہ ملا، اس دوران کھلاڑیوں نے تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس دوران ایک نوجوان کھلاڑی نے ایسا کام کر دیا کہ سب دنگ رہ گئے۔

انیس سالہ سواستک چکارا، جنہیں آر سی بی نے نیلامی میں 30 لاکھ روپے کے بیس پرائز پر خریدا تھا، نے ایسا کام کر دیا جو شاید ہی کسی اور میں ہمت ہو۔ چکارا نے ویرات کوہلی کا بیگ کھولا اور ان کی اجازت کے بغیر ان کا پرفیوم خود پر چھڑک لیا۔ ڈریسنگ روم میں بیٹھے باقی کھلاڑی، بشمول یش دیال اور کپتان رجت پاٹیدار، یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

یش دیال نے ہنستے ہوئے کہا، ’ہم کولکتہ میں اپنے پچھلے میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بیٹھے تھے۔ وہ گیا، ویرات کوہلی کے بیگ سے پرفیوم نکالا اور بنا پوچھے خود پر لگا لیا۔ سب ہنسنے لگے۔ وہ بالکل نارمل بیٹھا رہا، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔‘

رجت پاٹیدار نے حیرانی سے کہا، ’ویرات بھائی وہیں موجود تھے۔ میں سوچ رہا تھا کہ یہ لڑکا کر کیا رہا ہے؟‘

جب چکارا سے پوچھا گیا کہ اس نے ایسا کیوں کیا، تو اس نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا، اویرات بھائی ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہیں، میں بس چیک کر رہا تھا کہ کہیں وہ کوئی غلط پرفیوم تو نہیں لگا رہے۔ اس لیے میں نے پہلے خود ٹرائی کیا۔ پھر ویرات بھائی نے مجھ سے پوچھا کہ کیسا لگا، میں نے کہا، ’اچھا ہے‘۔ میں تو بس ان کے لیے چیک کر رہا تھا۔’

ویرات کوہلی، ایک عظیم کھلاڑی اور بڑے بھائی جیسے ساتھی

ویرات کوہلی نے جب 2008 میں آئی پی ایل میں قدم رکھا تو وہ صرف 18 سال کے تھے، یعنی چکارا سے بھی ایک سال چھوٹے۔ 17 سال بعد، وہ نہ صرف ایک لیجنڈ بن چکے ہیں بلکہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین رہنما بھی ہیں۔ چاہے ساتھی کھلاڑی ہوں یا مخالف ٹیم کے نوجوان کھلاڑی، کوہلی ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

آئی پی ایل 2025 میں کوہلی نے شاندار آغاز کیا اور کے کے آر کے خلاف 36 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ پچھلے سیزن میں وہ 741 رنز کے ساتھ اورنج کیپ کے فاتح رہے تھے۔

جہاں تک سواستک چکارا کی بات ہے، وہ ابھی زیادہ تجربہ کار نہیں ہیں۔ انہوں نے اب تک صرف 2 فرسٹ کلاس، 6 لسٹ اے اور 4 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں۔ سید مشتاق علی ٹرافی میں ان کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی، جہاں وہ 5، 0، 7 اور 3 رنز بنا سکے۔ رانجی ٹرافی میں انہوں نے بنگال کے خلاف 41 اور 12 جبکہ ہریانہ کے خلاف 21 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

virat kohli

ipl 2025

Swastik Chikara