سانحہ جعفر ایکسپریس: لوک ورثہ میں سانحے کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مصوری مقابلہ، ویمن یونیورسٹی میں امن واک کا انعقاد
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) نے 26 مارچ 2025 کو پاکستان میوزیم آف ایتھنالوجی ہال آف ایگزیبیشنز میں ایک پُرتاثر مصوری مقابلے کا انعقاد کیا۔ اس ایونٹ کا مقصد جڑواں شہروں کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ کو جعفر ایکسپریس سانحے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا۔
مقابلے کا مقصد نوجوان فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور حادثے کے متاثرین کی ہمت و استقامت کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ شرکاء نے بہادری، یکجہتی اور قومی فخر کے موضوعات پر مبنی متاثر کن پینٹنگز کے ذریعے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مظفر علی برکی نے فن کے ذریعے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے اور ثقافتی یکجہتی کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو نقد انعامات اور اسناد دی گئیں تاکہ ان کی شاندار کاوشوں کو سراہا جا سکے۔ مقابلے کا دوسرا مرحلہ عید کی تعطیلات کے بعد منعقد کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ لوک ورثہ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے ساتھ ساتھ جدید مسائل کے حل کے لیے تخلیقی طریقے اپنائے۔ یہ ادارہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ایک مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے امن واک کا انعقاد
راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں جعفر ایکسپریس سانحے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے امن واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واک کے شرکاء نے سانحہ جعفر ایکسپریس اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو امن اور محبت کا گہوارہ بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
سانحہ جعفر ایکسپریس، دہشت گردی کے دیگر واقعات اور بڑھتی ہوئی شدت پسندی کے خلاف ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
واک کا مقصد سانحہ جعفر ایکسپریس اور دہشت گردی کے دوسرے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا اور شدت پسندی کی مذمت کرنا تھا۔
اس موقع پر طلبہ نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر ’’11 مارچ یوم سیاہ‘‘ اور ’’ہم متحد ہیں‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے لیے شدت پسندی کا خاتمہ ضروری ہے۔ طلبہ نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
واک میں شامل طلبہ نے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک میں امن کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔