ماہ فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت، بجلی کی کھپت میں کمی پر نیپرا کا اظہار تشویش
ماہ فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا میں سماعت مکمل ہوگئی، نیپرا اتھارٹی اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔ بجلی کی کھپت میں کمی کے حوالے سے نیپرا نے اظہار تشویش کیا ہے۔
اسلام آباد میں فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران سی پی پی اے نے بتایا کہ ایل این جی کے نرخوں میں کمی ہونے سے بجلی کی قیمت کم ہو رہی ہے۔
بجلی کی کھپت میں کمی کے حوالے سے نیپرا نے اظہار تشویش کیا، ممبر ٹیکنیکل رفیق شیخ مستقبل میں بجلی کی گروتھ کیا ہوگی کوئی سٹڈی ہے؟ کیا ہم اس طرح پاور سیکٹر چلا رہے ہیں؟
سی پی پی اے نے جواب دیا کہ ڈسکوز کی سطح پر سٹڈی کرائی جا رہی ہیں، اس پر ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ تو پھر آج ڈسکوز کو یہاں ہونا چاہئے تھا ، ترسیلی نقصانات کے باعث صارفین پر کتنا بوجھ پڑا ہے۔
فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا میں سماعت مکمل کر لی گئی، نیپرا اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔
نیپرا نے پاور ڈویژن کو بجلی کی کھپت میں مسلسل کمی پر سٹڈی کرانے کی ہدایت کر دی، چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پاور ڈویژن اس حوالے سے سٹڈی کرائے کہ کھپت میں کمی کیوں ہو رہی ہے؟
نیپرا نے میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے اور موسم گرما میں پن بجلی کی صورتحال سے متعلق پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ نیپرا اتھارٹی نے کہا کہ بجلی صارفین کو مہنگی بجلی سے بچانے کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔
این ٹی ڈی سی کے منصوبوں میں تاخیر پر نیپرا کا اظہار برہمی
این ٹی ڈی سی کے منصوبوں میں تاخیر پرچیئرمین نیپرا نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لاہور نارتھ ترسیلی منصوبے کی تاریخ میں اگرمزید توسیع ہونی ہے تو بتا دیں، سکا ڈا تھری اور دیگر منصوبے بھی تاخیر کا شکارہو رہے ہیں۔ ہم بھی نوٹسز دے کر اور وضاحتیں مانگ مانگ کر تنگ آچکے ہیں۔
سی پی پی اے نے جواب دیا کہ موسم گرما میں پن بجلی میں کمی کے حوالے سے ہماری ورکنگ چل رہی ہے ، آج ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی اجلاس کے بعد صورتحال کلئیر ہوگی۔
نیپرا حکام نے کہا کہ فروری میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے ایک ارب 89 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا، ونٹر سپورٹ پیکج کے تحت فروری میں 200 ملین یونٹس کی کھپت بڑھی، گھریلو سیکٹر کی 130 ملین انڈسٹری کی 30 ملین یونٹس کھپت بڑھی ہے۔
Comments are closed on this story.