صحافی فرحان ملک کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پولیس کے حوالے
کراچی کی مقامی عدالت نے صحافی فرحان ملک کا 5 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
کراچی کی ملیرکورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے صحافی فرحان ملک عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے فرحان ملک کو 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
صحافی فرحان ملک پرغیر قانونی کال سینٹرچلانے کا الزام ہے۔
یاد رہے، گذشتہ روز کراچی کی مقامی عدالت نے سینئر صحافی فرحان ملک کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، عدالت نے فرحان ملک کی درخواست ضمانت پر نوٹسز بھی جاری کیے تھے۔
سٹی کورٹ کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے پیش کیا، فرحان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فرحان ملک صحافی ہیں، کیس سے ڈسچارج کرنے کی درخواست کی تھی۔
تفتیش افسر نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ڈیجیٹل یوٹیوب چینل ہے اس پر اینٹی اسٹیٹ ویڈیوز پوسٹ ہوئی ہیں، عدالت نے تفتیشی افسرسے استفسار کیا کہ ایسی کیا ویڈیوز ہیں، ویڈیوز دکھائی جائیں، کیس میں مدعی کون ہے؟
فرحان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکا دفتری شخص اس کیس میں مدعی ہیں، سارا میٹریل آن لائن موجود ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سینیئر صحافی اور یوٹیوب چینل رفتار کے بانی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے کراچی میں گرفتار کیا۔ رفتار کے ایڈیٹر فہد کیہر اور فرحان ملک کے بعض قانونی معاملات دیکھنے والے عبدالمعیز جعفری نے گرفتاری کی تصدیق کی۔