پاکستانی وفد کی ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات آج ہوگی
پاکستان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات آج متوقع ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی آج اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی آج امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کریں گے، جو ٹرمپ دور حکومت میں کسی پاکستانی عہدیدار کا پہلا دورہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی اس ملاقات میں سیکریٹری برائے سیاسی امور لیزا کیناس سے ملاقات کریں گے۔ لیزا کیناس امریکی فارن سروس کی اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں اور ان کی طارق فاطمی سے ہونے والی ملاقات میں پاک، امریکہ تعلقات اور سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھا دیا
معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے گذشتہ روز متعدد امریکی کانگریس رہنماؤں خارجہ امور کمیٹی کے چئیرمین برائن ماسٹ اور دیگر سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور معاشی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
طارق فاطمی نے کہا کہ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبہ جات میں تعلقات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی زیر غور آئے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت کی علامت سمجھی جا رہی ہے اور اس سے مستقبل میں پاک-امریکہ تعلقات کے نئے امکانات سامنے آنے کی توقع ہے۔