سونُو نگم کے کنسرٹ میں ہنگامہ، ہجوم نے پتھر اور بوتلیں پھینکنا شروع کر دیں
مشہور بھارتی گلوکار سونُو نگم کو دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (DTU) کے ایونٹ ”این جی فیسٹ 2025“ میں اپنے کنسرٹ کے دوران غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب طلبہ کے ایک گروہ نے اسٹیج پر پتھر اور بوتلیں پھینکنا شروع کر دیں۔
سونُو نگم نے اپنے پرفارمنس کے دوران ہجوم کو پرسکون رہنے اور اس حرکت سے باز رہنے کی اپیل کی تاکہ ان کی ٹیم کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا، ’میں یہاں آپ کے لیے آیا ہوں تاکہ ہم سب اچھا وقت گزار سکیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ لطف اندوز نہ ہوں، لیکن براہ کرم ایسا نہ کریں۔‘
کنسرٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جن میں سونُو نگم کو اپنے مشہور گانوں پر پرفارم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک موقع پر، کسی نے ان کی طرف گلابی خرگوش کے کانوں والا ہیڈ بینڈ پھینکا، جسے انہوں نے اپنی پرفارمنس کے دوران پہن لیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سونُو نگم کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
فروری میں کولکتہ میں ان کے کنسرٹ کے دوران بھی ہجوم کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے وہ ناراض ہو گئے تھے۔
ایک وائرل ویڈیو میں انہیں مشتعل ہو کر ہجوم کو ڈانٹتے اور بار بار خاموش رہنے کی اپیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ’اگر آپ کو کھڑا ہونا ہے تو الیکشن میں کھڑے ہو جاؤ یار!‘
حال ہی میں، سونُو نگم نے آئیفا ایوارڈز کمیٹی پر بھی طنز کیا تھا کیونکہ انہیں اس سال کسی بھی کیٹیگری میں نامزد نہیں کیا گیا تھا۔