Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

کہیں آپ کے بڑھتے کولیسٹرول کا سبب آفس کی کافی مشین تو نہیں؟

دفاتر میں استعمال ہونے والی کافی مشینوں سے تیار کی گئی کافی میں کچھ ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو خون میں کولیسٹرول کی سطح بڑھا سکتے ہیں، تحقیق
شائع 20 گھنٹے پہلے

دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے کافی مشین ایک لازمی جزو بن چکی ہے، جو دن بھر توانائی فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ تاہم، ایک نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ دفتر میں بنی ہوئی کافی کولیسٹرول بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے۔

سویڈن کی اپسالا یونیورسٹی اور چالمرز یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ دفاتر میں استعمال ہونے والی کافی مشینوں سے تیار کی گئی کافی میں کچھ ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو خون میں کولیسٹرول کی سطح بڑھا سکتے ہیں۔ یہ تحقیق ”نیوٹریشن، میٹابولزم اینڈ کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز“ نامی سائنسی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔

کیا آپ رات کو جلدی سونا چاہتے ہیں؟ ان تجاویزات پر عمل کریں

تحقیق کی قیادت کرنے والے ڈیوڈ اِگمین کا کہنا ہے، ’چونکہ سویڈش دفاتر میں کافی کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے، ہم یہ جاننا چاہتے تھے کہ کافی مشینوں سے بننے والی کافی میں کولیسٹرول بڑھانے والے اجزاء کتنے موجود ہوتے ہیں۔ ہم نے مختلف دفاتر میں 14 کافی مشینوں کا تجزیہ کیا اور پایا کہ ان میں موجود کولیسٹرول بڑھانے والے مرکبات عام فلٹرڈ کافی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کافی کو فلٹر کرنا ان نقصان دہ اجزاء کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم، تمام کافی مشینیں انہیں مؤثر طریقے سے فلٹر نہیں کر پاتیں، اور مختلف مشینوں میں ان اجزاء کی مقدار مختلف وقتوں پر مختلف ہوتی ہے۔‘

گھر کا بنا کھانا پیٹ بھاری کیوں کردیتا ہے، اس سے کیسے بچا جائے؟

تحقیق میں مزید کہا گیا کہ چولہے پر ابال کر بنائی جانے والی کافی میں کافی اسٹول اور کاہویول نامی مرکبات کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو کولیسٹرول بڑھانے کے سب سے بڑے عوامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جدید نارڈک غذائی ہدایات میں اس قسم کی کافی کے استعمال میں کمی یا اسے ترک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم، ایک عام ڈرپ فلٹر کافی میکر جو کاغذی فلٹر استعمال کرتا ہے، ان نقصان دہ مرکبات کو بڑی حد تک ختم کر دیتا ہے۔

اس تحقیق میں پہلی بار ان کافی مشینوں کا جائزہ لیا گیا جو دفاتر اور عوامی مقامات پر استعمال کی جاتی ہیں۔ محققین نے مختلف وقفوں میں 14 کافی مشینوں سے تیار کی گئی کافی کے نمونے اکٹھے کیے اور ان میں پانچ عام دستیاب کافی برانڈز کا استعمال کیا۔ نتائج میں کافی میں کافی اسٹول اور کاہویول کی مقدار میں نمایاں فرق دیکھا گیا، جو مختلف مشینوں اور مختلف اوقات میں بدلتا رہا۔

کیا کھانس کر ہارٹ اٹیک کو روکا جاسکتا ہے؟

ڈیوڈ اِگمین نے مزید کہا، ’زیادہ تر کافی کے نمونوں میں ایسے مرکبات کی سطح پائی گئی جو پینے والوں کے LDL کولیسٹرول پر اثر ڈال سکتی ہے اور مستقبل میں دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔ وہ افراد جو روزانہ زیادہ مقدار میں کافی پیتے ہیں، ان کے لیے ڈرپ فلٹر کافی یا کوئی اور بہتر فلٹر شدہ کافی زیادہ فائدہ مند ہوگی۔ کولیسٹرول پر اس کے حتمی اثرات جاننے کے لیے مزید کنٹرولڈ مطالعات کی ضرورت ہے۔‘

COFFEE

cholestrol

Office Coffee Machine