Aaj News

جمعہ, مارچ 28, 2025  
28 Ramadan 1446  

پیکا کے مقدمے میں صحافی فرحان ملک عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

عدالت نے درخواست ضمانت پر نوٹسز بھی جاری کر دیے
شائع 25 مارچ 2025 03:30pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کی مقامی عدالت نے سینئر صحافی فرحان ملک کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، عدالت نے فرحان ملک کی درخواست ضمانت پر نوٹسز بھی جاری کر دیے۔

کراچی سٹی کورٹ کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے پیش کیا، فرحان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فرحان ملک صحافی ہیں، کیس سے ڈسچارج کرنے کی درخواست کی تھی۔

تفتیش افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈیجیٹل یوٹیوب چینل ہے اس پر اینٹی اسٹیٹ ویڈیوز پوسٹ ہوئی ہیں، عدالت نے تفتیشی افسرسے استفسار کیا کہ ایسی کیا ویڈیوز ہیں، ویڈیوز دکھائی جائیں، کیس میں مدعی کون ہے؟

فرحان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکا دفتری شخص اس کیس میں مدعی ہیں، سارا میٹریل آن لائن موجود ہے۔

ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ کا الزام؛ جنوبی وزیرستان میں سیاسی رہنما کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

عدالت نے فرحان ملک سے سوال کیا کہ آپ پر تشدد یا حراساں تو نہیں کیا جا رہا ہے؟ جس پر فرحان ملک نے کہا کہ ہمارے اسٹاف کو تنگ کیا جارہا ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تنبیہ کی اور کہا کہ کسی کو تنگ کیا تو آپ کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے، عدالت نے فرحان ملک کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سینیئر صحافی اور یوٹیوب چینل رفتار کے بانی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے کراچی میں گرفتار کیا۔ رفتار کے ایڈیٹر فہد کیہر اور فرحان ملک کے بعض قانونی معاملات دیکھنے والے عبدالمعیز جعفری نے گرفتاری کی تصدیق کی۔

FIA

karachi

Farhan Mallick