بھارت کینیڈا کے عام انتخابات میں مداخلت کر سکتا ہے، کینیڈین انٹیلی جنس نے خبردار کر دیا
کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس کی ڈپٹی ڈائریکٹر وینیسالائیڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کینیڈا کے عام انتخابات میں مداخلت کرسکتا ہے۔ بھارت کی حکومت کینیڈا کی کمیونیٹیز اور جمہوری عمل میں مداخلت کے لیے ضروری وسائل رکھتی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس سی ایس آئی ایس نے بھارت کے خلاف ایک اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کینیڈا کے عام انتخابات میں مداخلت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس کی ڈپٹی ڈائریکٹر وینیسا لائیڈ نے پریس کانفرنس کے دوران یہ تشویش ظاہر کی کہ بھارت سمیت کئی ریاست مخالف عناصر کینیڈا کے جمہوری عمل میں مداخلت کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکتے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت اے آئی کا استعمال بھی شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی حکومت کینیڈا کی کمیونیٹیز اور جمہوری عمل میں مداخلت کے لیے ضروری وسائل رکھتی ہے اور وہ اس میں ملوث ہو سکتی ہے۔
لائیڈ کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے انتخابات میں بیرونی مداخلت کا خطرہ صرف بھارت تک محدود نہیں بلکہ روس اور پاکستان جیسے ممالک بھی ایسی سرگرمیاں کر سکتے ہیں جو انتخابات کے نتائج کو متاثر کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے نومنتخب وزیراعظم مارک کارنی نے ملک میں 28 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں، اور سیکیورٹی کے حوالے سے حکومت کی طرف سے بیرونی مداخلت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جا رہا ہے۔