Aaj News

جمعہ, مارچ 28, 2025  
27 Ramadan 1446  

فارم 47 کی وزیراعلیٰ رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہیں، بیرسٹر سیف

ترجمان کے پی حکومت کی یومِ پاکستان پر پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت
شائع 25 مارچ 2025 11:14am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے یومِ پاکستان پر پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے کہا ہے کہ فارم 47 کی وزیراعلیٰ رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہیں۔ جعلی راج کماری سعودی عرب سے احکامات دے رہی تھیں۔ کارکنوں کو مساجد سے بھی اٹھا کرجیلوں میں ڈال دیا گیا۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کہتے ہیں پنجاب میں یومِ پاکستان منانے کی پاداش میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابلِ مذمت ہے، جعلی راج کماری سعودی عرب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دے رہی تھی، گزشتہ رات مساجد سے بھی کارکنوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی وزیر اعلیٰ مریم نواز رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہی، معصوم کارکنوں کو صرف پاکستان اوربانی چیئر مین سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، یوم پاکستان پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلیاں دیکھ کر جعلی حکومت پرخوف طاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر عوام کے جمِ غفیر نے جعلی حکومت کے غیر مستند ہونے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی، عوام نے یومِ پاکستان کے موقع پر حقیقی آزادی کے عہد کی تجدید کی، یومِ پاکستان پر عوامی سمندر نے جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم دے دیا۔

مشیراطلاعات کے پی نے کہا کہ یومِ پاکستان پر عوام نے حقیقی آزادی اور بانی چیئرمین کی رہائی کا عہد کیا ہے، خیبر سے کراچی تک عوام کے جمِ غفیر نے فارم 47 مافیا کو اس کی اصل حیثیت یاد دلا دی، اگر جعلی حکومت میں رتی برابر بھی شرم و حیا باقی ہے تو وہ فوراً مستعفی ہو جائے۔

barrister saif

KPK Government