پولیس یونیفارم میں اغواء اور تاوان وصولی کرنے والے گروہ کا انکشاف
راولپنڈی میں شہریوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کرنے والے منظم گروہ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ گروہ پولیس یونیفارم میں ملبوس ہو کر وارداتیں کرتا تھا۔
تھانہ صادق آباد میں شکریال کے رہائشی محمد سلیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گینگ نے 11 مارچ کو ایک نجی دکان کے مالک کو اغواء کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے مغوی کے اکاؤنٹ سے 5 لاکھ روپے مختلف نمبرز پر ٹرانسفر کروائے اور دکان میں داخل ہو کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا۔ اس کے بعد دکان اور مالک کی جیب سے مزید 60 ہزار روپے بھی چھین لیے۔
مزید یہ کہ ملزمان نے مغوی کو چھوڑنے سے قبل ایک لڑکی کے ساتھ بٹھا کر ویڈیو بنائی اور کسی کو اطلاع دینے کی صورت میں ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔