Aaj News

جمعرات, مارچ 27, 2025  
26 Ramadan 1446  

شدید تنقید کے بعد ٹک ٹاک نے اپنا متنازع فلٹر ہٹا دیا

ٹک ٹاک اس فلٹر کے ذریعے بنائی گئی ویڈیوز کو بھی اپنے ریکمینڈیشن سسٹم سے ہٹا رہا ہے
شائع 2 دن پہلے

ٹک ٹاک نے اپنے ایک متنازع فلٹر کو ہٹا دیا ہے جو صارفین کی تصاویر کو اس طرح ایڈٹ کرتا تھا کہ وہ زیادہ وزنی نظر آئیں۔

یہ فلٹر استعمال کرنے والی بیشتر ویڈیوز ایک جیسی ہی تھیں۔ پہلے صارف کی اصل، بغیر ایڈیٹ کی گئی تصویر دکھائی جاتی، پھر ”چبی فلٹر“ آہستہ آہستہ اس کی جسمانی ساخت میں تبدیلی کر دیتا، اور پس منظر میں امریکی گلوکارہ ڈوچی کا گانا ”Anxiety“ بجتا۔

جب ایسی ویڈیوز کی تعداد بڑھنے لگی تو صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ بہت سے لوگوں نے اسے ”باڈی شیمنگ“ (جسمانی ساخت پر شرمندہ کرنے) کے مترادف قرار دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’یہ ٹرینڈ لوگوں کو کمتر محسوس کرانے کے مترادف ہے۔‘ اس تبصرے کو 5,000 سے زائد لائکس ملے۔

ٹک ٹاک کی ایک معروف صارف ”Sadiebass16“ نے کہا، ’سوچیں کہ آپ اس ایپ پر بس موجود رہنا چاہتے ہیں، اور پھر دیکھتے ہیں کہ ہزاروں لوگ ایک ایسا فلٹر استعمال کر رہے ہیں جو آپ جیسے جسم کو ظاہر کرتا ہے، مگر منفی انداز میں۔ اور تبصرے آ رہے ہیں کہ ”اوہ، یہ کیسا ہوگا!“ بہت سے لوگ اس کا اندازہ کر سکتے ہیں، کیونکہ وہ اسی جسم کے ساتھ رہ رہے ہیں۔‘

نوجوانوں کے لیے ایک صحت و تندرستی ایپ ”Luna“ نے بھی فلٹر پر تنقید کی اور کہا کہ یہ ’غیر صحت مند خوبصورتی کے معیارات کو فروغ دیتا ہے۔‘

ٹک ٹاک کا ردِعمل

ٹک ٹاک نے بی بی سی کو بتایا کہ اس نے نہ صرف فلٹر ہٹا دیا ہے بلکہ اس فلٹر کے ذریعے بنائی گئی ویڈیوز کو بھی اپنے ریکمینڈیشن سسٹم سے ہٹا رہا ہے اور انہیں کم عمر صارفین کے لیے بلاک کر دیا گیا ہے۔

کمپنی نے مزید وضاحت دی کہ یہ فلٹر ”CapCut“ نامی ایک کمپنی نے اپ لوڈ کیا تھا، جو ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کی ایک علیحدہ سروس ہے۔

پیر کی صبح ٹک ٹاک کی موبائل ایپ پر ”چبی فلٹر“ سرچ کرنے سے کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، تاہم ڈیسک ٹاپ ورژن میں کچھ مواد اب بھی موجود تھا۔

ٹک ٹاک فلٹرز پر تنقید

ٹک ٹاک پر سینکڑوں فلٹرز موجود ہیں، جن میں سے اکثر نقصان دہ نہیں ہوتے، جیسے خرگوش کے کان یا کتے کی ناک شامل کرنے والے فلٹرز۔ تاہم، اس کے بیوٹی فلٹرز پر طویل عرصے سے تنقید کی جا رہی ہے کہ یہ صارفین کے خود اعتمادی پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔

ایک صارف ”SaffsStuff“ نے اس فلٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’یہ مزاحیہ نہیں ہے، یہ ہلکا پھلکا نہیں ہے۔ یہ اس بڑے مسئلے کا حصہ ہے جہاں ڈائٹ کلچر اور ”ہیروئن شِک“ جیسا پتلا ہونے کا رجحان سوشل میڈیا پر دوبارہ عام ہو رہا ہے۔‘

2019 کی ایک تحقیق میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ سوشل میڈیا فلٹرز کے استعمال سے پلاسٹک سرجری کو زیادہ قبول کیا جانے لگا ہے، جبکہ 2021 میں ”Harvard Business Review“ نے پایا کہ جو لوگ اپنی ظاہری شکل کے بارے میں خود اعتمادی رکھتے ہیں، وہ فلٹرز کے ذریعے چہرے میں کی جانے والی ”بہتریوں“ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

گزشتہ نومبر میں ٹک ٹاک نے اعلان کیا تھا کہ 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے بیوٹی فلٹرز کی رسائی محدود کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ایک رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں نوجوانوں پر ان فلٹرز کے اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

TikTok

Chubby Filter

TikTok's Controversial filters