Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
28 Ramadan 1446  

پارلیمنٹ میں وفاقی وزراء کی غیر حاضری کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، صورتحال تشویشناک قرار

وزراء کی غیر حاضری کے باعث اہم عوامی مسائل پر بحث نہیں ہو سکی، ڈپٹی اسپیکر کا خط
شائع 24 مارچ 2025 04:04pm

پارلیمنٹ میں وفاقی وزراء کی غیر حاضری کا مسئلہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اس معاملے پر وزیر اعظم اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزراء کی ایوان سے غیر حاضری ایک تشویشناک مسئلہ ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے اپنے خط میں 20 وزارتوں، خصوصاً توانائی اور مواصلات کے وزراء کی غیر حاضری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

خط میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ وزراء کی غیر حاضری کے باعث اہم عوامی مسائل پر بحث نہیں ہو سکی، جو کہ ایک سنگین معاملہ ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے کیونکہ وزراء کی عدم دلچسپی کے باعث ایوان کی کارروائی کا مقصد متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ آئین کے مطابق کابینہ اجتماعی طور پر اراکین کے سوالات کے جوابات دینے کی پابند ہے۔

National Assembly

Absent Ministers