Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
28 Ramadan 1446  

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے یہاں دوسرے ننھے مہمان کی آمد متوقع

ان کی شادی اپریل 2022 میں ہوئی تھی
شائع 24 مارچ 2025 02:26pm

بالی ووڈ کے سپر اسٹار رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے اپنے دوسرے بچے کی آمد کے امکانات کی طرف اشارہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، رنبیر کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ جلد ہی اپنے جسم پر ایک اور ٹیٹو گدوانے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور یہ ٹیٹو ممکنہ طور پر ان کے دوسرے بچے کے نام کا ہو سکتا ہے۔

رنبیر کپور نے بتایا کہ ”میرے گردن پر پہلے سے ہی میری بیٹی راہا کا نام لکھا ہوا ہے، اب میں دوسرے بچے کے نام کا ٹیٹو بنوانا چاہتا ہوں۔“ ان کے اس بیان نے فوراً ہی بھارتی میڈیا اور ان کے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی، اور یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ کیا رنبیر اور عالیہ بھٹ اپنے دوسرے بچے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں؟

سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کا خواب پورا ہوا، اے آر مروگادوس

رنبیر نے مزید کہا، ”راہا کے بعد میں نے کوئی نیا ٹیٹو نہیں بنوایا تھا لیکن امید ہے کہ جلد نیا ٹیٹو بنواؤں گا۔“ ان کا یہ بیان اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ اور عالیہ اپنے دوسرے بچے کے بارے میں سنجیدہ ہیں، اور اس کی آمد ممکن ہے۔

اس سے قبل، اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ جب وہ اور رنبیر اپنے پہلے بچے کے لیے نام منتخب کر رہے تھے، تو وہ اپنے گھر کے فیملی گروپ میں سب سے مشورے لے رہے تھے۔ عالیہ نے کہا کہ انہوں نے کئی لڑکوں اور لڑکیوں کے نام دیکھے، اور انہیں ایک لڑکے کا نام بہت پسند آیا تھا، لیکن وہ ابھی اس نام کو ظاہر نہیں کرنا چاہتی۔

یاد رہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی اپریل 2022 میں ہوئی تھی، اور اسی سال ان کی بیٹی راہا کی پیدائش ہوئی تھی۔ دونوں اداکار اپنی شادی اور بیٹی راہا کے ساتھ اپنے خوشگوار زندگی کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

Bollywood

entertainment

lifestyle

شخصیات