Aaj News

منگل, اپريل 08, 2025  
10 Shawwal 1446  

کراچی اور بلوچستان سے بھاری مقدار میں چرس اور غیر ملکی شراب برآمد

کسٹمز نے نادرن بائی پاس پر گاڑی سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کی، کارروائی کےدوران ڈرائیور فرار
شائع 24 مارچ 2025 01:07pm

کراچی سے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی چرس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کسٹمز نے نادرن بائی پاس پرگاڑی سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔ بلوچستان میں کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی غیرملکی شراب برآمد کر لی گئی۔

کسٹم حکام کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ40 لاکھ روپے مالیت کی چرس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹمز نے نادرن بائی پاس پر گاڑی سے 84 کلو سے زائد چرس برآمد کی، کارروائی کےدوران گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز رضا نقوی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کسٹم حکام نے نادرن بائی پاس کے قریب مشکوک گاڑی کو رکنےکا اشارہ کیا تاہم ڈرائیورگاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

تلاشی لینے پر گاڑی کی ڈگی سے 84.5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت 1 کروڑ 42 لاکھ جبکہ کارکی مالیت 50 لاکھ روپے ہے۔ حکام نے گاڑی اور منشیات ضبط کرکے مقدمہ درج کر لیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز نے اوتھل بلوچستان کے علاقے گڈانی میں کارروائی کرتے ہوئے 575 بوتلیں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب اور 582 کین بیئر برآمد کرلی۔

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ شراب اندرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی۔ حکام کے مطابق برآمد شدہ شراب کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 2.5 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ تمام برآمد شدہ اشیاء کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

federal government

Drugs Smuggling Hub

Customs raids

Drug Smugglers

Smuggling in Islam