پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کی لہر، 100 انڈیکس میں 2002 پوائنٹس کی کمی
کراچی؛ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج شدید مندی کا رجحان دیکھنے کو آیا، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس میں 2002 پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ میں شیئرز کی فروخت کا دباؤ رہا، کاروبار کے اختتام پر اس کمی کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 439 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں آج 31 کروڑ 19 لاکھ شیئرز کے سودے کئے گئے، جن کی مالیت 20 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کمی عالمی اور مقامی سطح پر اقتصادی حالات کی عدم استحکام کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں کاروباری سیشن کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 118,243.63 کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح تک پہنچا، تاہم اختتام پر 972.93 پوائنٹس یا 0.83 فیصد اضافے کے ساتھ 117,974.02 پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے کہ پی آر ایل، این آر ایل، حبکو، پی ایس او، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایچ بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل مثبت زون میں رہے۔**