جوہی چاؤلہ کی’ گٹ فیلنگ’ پرعمل کرکے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی قسمت بدل گئی
آئی پی ایل 2025 کی گونج کرکٹ دیوانوں کے دلوں میں سنائی دے رہی ہے، اور ہر کوئی اپنی پسندیدہ ٹیم کو جیتتے دیکھنے کے خواب سجا رہا ہے۔ لیکن کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے مداحوں کے لیے یہ سیزن ایک خاص معنی رکھتا ہے، کیونکہ یہ وہی ٹیم ہے جس کی قسمت جوہی چاؤلہ کی ’گٹ فیلنگ‘ نے ہمیشہ کے لیے بدل دی تھی۔
22 مارچ 2025 کو آئی پی ایل کا آغاز ہوچکا ہے، اور اگرچہ کے کے آر اپنے پہلے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے ہار گئی، لیکن یہ شکست ٹیم کے حوصلے پست نہ کر سکی۔ کیونکہ یہ وہی ٹیم ہے جس نے ماضی میں اپنی رنگت بدل کر تاریخ رقم کی تھی، اور آج بھی اپنے چیمپئن بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کراچی سے کیسا رشتہ ہے؟ جوہی چاولہ کا پرانہ انٹرویو وائرل
کالا رنگ، جوہی کی بے چینی، اور ایک انوکھا فیصلہ
یہ کہانی 2008 میں شروع ہوئی، جب کے کے آر کی ابتدائی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ لگاتار شکستوں کے بعد، جوہی چاؤلہ کو محسوس ہونے لگا کہ ٹیم کی کالی اور سنہری جرسی بدشگونی لا رہی ہے۔ یہ محض ایک وہم تھا یا کوئی حقیقی تاثر؟ یہ تو معلوم نہیں، مگر جوہی کی بے چینی اتنی بڑھ گئی کہ انہوں نے شوہر جے مہتا اور پارٹنر شاہ رخ خان سے اس پر بات کی۔
جے مہتا کے مطابق، جب ٹیم جنوبی افریقہ میں لگاتار شکست کے بعد واپس آئی تو جوہی نے سنجیدگی سے کہا، ’مجھے کالا رنگ منحوس لگتا ہے، ہمیں فوراً اس جرسی کو بدلنا چاہیے‘
یہ سن کر شاہ رخ خان حیران ہو گئے اور ہنستے ہوئے بولے، ’یہ کیا بکواس ہے؟‘ مگر جوہی اپنی گٹ فیلنگ پر ڈٹی رہیں۔
بالآخر، جوہی چاؤلہ کی بات مان لی گئی اور کے کے آر نے اپنی جرسی کو جامنی رنگ میں تبدیل کر دیا۔ اور اس کے بعد کیا ہوا؟ 2012 اور 2014 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل ٹرافی جیت کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
مارکیٹ میں نیا سموسہ، اکشے کمار کا جوہی چاولہ سے بریک اپ کا وقت آگیا
یہی نہیں، 2025 میں بھی کے کے آر اپنے چیمپئن دفاع کے لیے میدان میں ہے، اور اس کا سفر ابھی شروع ہوا ہے۔ اگرچہ پہلے میچ میں شکست ہوئی، مگر جوہی چاؤلہ کی ٹیم وہی ٹیم ہے جس نے ماضی میں قسمت کو پلٹا دیا تھا، اور شاید 2025 میں بھی وہی کرشمہ دہرایا جائے۔
کبھی کبھار ہماری چھٹی حس وہ کچھ دیکھ لیتی ہے جو آنکھوں سے نظر نہیں آتا، جوہی چاؤلہ کے ایک غیر روایتی فیصلے نے ٹیم کی تاریخ بدلی، بعض اوقات، دل کی بات پر یقین کرنا کمال کر سکتا ہے۔
تو کیا 2025 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اپنی چیمپئن شپ کا دفاع کر پائے گی؟ کیا جوہی چاؤلہ کی گٹ فیلنگ ایک بار پھر کوئی نیا کرشمہ دکھائے گی؟ کرکٹ کے شائقین بےصبری سے یہ دیکھنے کے منتظر ہیں۔