Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

عرفان پٹھان کو بڑا جھٹکا، آئی پی ایل کمنٹری پینل سے آؤٹ، وجہ سامنے آگئی

ایسا کیا ہوا کہ عرفان پٹھان کو کمنٹری پینل سے ہٹا دیا گیا!
شائع 3 دن پہلے

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کا گزشتہ روز سے آغاز ہوگیا ہے لیکن آغاز سے قبل ہی ایونٹ میں کمنٹری کے حوالے سے کچھ ایسی خبریں آئیں جس نے شائقین کو چونکا کر رکھ دیا ہے کہ سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو آئی پی ایل کمنٹری پینل سے باہر کر دیا گیا۔

آئی پی ایل کمیٹی نے جمعہ کو آئی پی ایل کے 18ویں سیزن کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کیا، جس میں عرفان پٹھان کا نام نہیں ہے، جس کے بعد ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کمیٹی نے عرفان کو ہٹا دیا ہے جو آئی پی ایل کے پچھلے کئی سیزن میں کمنٹیٹر رہ چکے ہیں۔

عرفان کو کمنٹری پینل سے ہٹانے کی وجہ!

میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو عرفان کو کمنٹری پینل سے ہٹانے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ آئی پی ایل کمیٹی کو شکایت ملی تھی کہ عرفان کمنٹری کے دوران جان بوجھ کر کچھ کھلاڑیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ انہیں پینل سے نکالا گیا ہو۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ دو سال سے وہ ذاتی ایجنڈے کے تحت کچھ کھلاڑیوں پر تبصرہ کر رہے ہیں جو کہ درست نہیں۔ کچھ ہندوستانی کرکٹرز نے بھی ان کے رویے کی شکایت کی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی ہائی پروفائل کمنٹیٹر کو معطل کیا گیا ہو۔ اس سے قبل سابق کھلاڑی سنجے منجریکر اور ہرشا بھوگلے کو بھی اسی طرح کی شکایات موصول ہونے کے بعد بی سی سی آئی نے معطل کر دیا تھا۔

عرفان پٹھان نے اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا

کمنٹری پینل سے ہٹائے جانے کے فوراً بعد عرفان نے یوٹیوب چینل شروع کیا اور اسے ’X‘ پلیٹ فارم پر بھی شیئر کیا۔ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، ’مائک آن، فلٹر آف۔ آیے عرفان سے براہ راست بات کرتے ہیں، آیے سچ بتائیں، عرفان کا یہ چینل سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا، فیس بک اور یوٹیوب پر دستیاب ہے۔

اس سے قبل 2020 میں بھارت کے سابق بلے باز سنجے منجریکر کو بی سی سی آئی نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا تھا۔ اس کی وجہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران رویندرا جڈیجا پر ان کے متنازعہ ’بٹس اینڈ پیسز‘ والے تبصرے کو قرار دیا گیا تھا۔

اسی طرح 2016 میں تجربہ کار کمنٹیٹر ہرشہ بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس وقت بھوگلے نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا، ”مجھے آج تک نہیں معلوم کہ میں آئی پی ایل کیوں نہیں کر رہا۔ میں اس حقیقت کو قبول کر سکتا ہوں کہ کچھ لوگوں کو میں پسند نہیں آتا، لیکن مجھے امید ہے کہ ایسا کرکٹرز کی شکایات کی وجہ سے نہیں ہو رہا۔“

یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ 2025 سیزن کا آغاز 22 مارچ کو ایڈن گارڈنز میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ایک دلچسپ افتتاحی میچ سے ہوا تاہم اس افتتاحی میچ میں عرفان پٹھان کہیں نظر نہیں آئے۔

Irfan Pathan

ipl 2025

IPL OPENING CEREMONY

IٖPL COMMENTARY PANEL ANNOUNCED

NO IRFAN PATHAN IN COMMENTARY PANEL

Irfan Pathan Commentary Panel