Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

آذربائیجان کے صدر کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط، یوم پاکستان پر مبارکباد

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار
شائع 3 دن پہلے

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یومِ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا، جس میں انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر الہام علیوف نے اپنے تہنیتی پیغام میں لکھا کہ معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی صنعت اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں ہماری کامیاب مشترکہ کاوشیں ہمارے تعلقات کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، عالمی امور پر پاکستان اور آذربائیجان کا مؤقف اور باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کا اظہار ہے۔

صدرِ آذربائیجان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات جامع ترقی سے جڑے ہیں، جن کی بنیادیں باہمی ثقافتی اقدار اور یکجہتی سے مزین اور اعتماد پر محیط ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے مابین اعلیٰ سطح دورے، ملاقاتیں اور رابطے ہمارے تعلقات میں نمایاں اضافے کا واضح اشارہ ہیں، ہم باہمی اعتماد، مفاہمت اور اخلاص پر مبنی مفید ملاقاتوں کو سراہتے ہیں جو گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے آذر بائیجان کے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئیں۔

شہیدذوالفقاربھٹو کوبعداز وفات اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان عطا، بیٹی صنم بھٹو نے وصول کیا

مسلح افواج کے 764 جوانوں اور افسران کیلئے فوجی اعزازات کا اعلان

ذوالفقار علی بھٹو کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ملنا تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کے تعاون کی مثبت سمت کا تعین کریں گے، انشا اللہ پاکستان اور آذربائیجان مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے، پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری اطمینان بخش ہے، اس سے دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات اور عوامی اتحاد مزید مستحکم ہوگا۔

آخر میں صدرِ آذربائیجان نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے اچھی صحت، کامیابیوں اور پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی، اور ترقی کی دعا کی۔

Azerbaijan

Pakistan Day

PM Shehbaz Sharif

Ilham Aliyev

23 March Pakistan Day