Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

خواتین سیل میں لگے لمیٹڈ ایڈیشن ہینڈ بیگز کیلئے مار دھاڑ پر اتر آئیں، ایک دوسرے کے بال اکھاڑ دئے

پولیس بھی ہجوم کو قابو نہ کرسکی
شائع 3 دن پہلے

تھائی لینڈ کے ایک معروف شاپنگ سینٹر کے باہر اس وقت افراتفری مچ گئی جب نایاب ہینڈ بیگز کے لیے قطار میں لگے افراد کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، جس میں ایک خاتون کے بال بری طرح نوچ لیے گئے۔

مرکزی تھائی لینڈ کے بینگ یائی ضلع میں واقع سنٹرل ویسٹ گیٹ شاپنگ سینٹر کے باہر 150 سے زائد افراد ان بیگز کو خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے تھے، جبکہ ان بیگز کی تعداد صرف 300 تھی۔ تاہم، جیسے ہی فروخت کا وقت قریب آیا، تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی اور پولیس کو فوری مداخلت کرنا پڑی۔

جھگڑے کے بعد افراتفری

خریداروں کی بڑی تعداد واک وے پر بیٹھی ہوئی تھی، کچھ لوگ فٹ پاتھ اور گھاس پر بھی لیٹے ہوئے تھے، تاکہ اپنی جگہ محفوظ رکھ سکیں۔ جھگڑے کے بعد وہاں زمین پر خواتین کے بالوں کے دو بڑے گچھے ملے، جو بظاہر لڑائی میں ملوث خواتین کے تھے۔

سیکیورٹی حکام اور پولیس نے ہجوم کو آگاہ کیا کہ دکان نے سیل منسوخ کر دی ہے، جس کے بعد متعدد گاڑیاں قطار میں کھڑے لوگوں کو لے جانے کے لیے پہنچ گئیں۔

قطار لگانے کے لیے ایجنٹس کی خدمات

27 سالہ سوفیرات پونگساکسری، جو اس قطار میں لگنے کیلئے کرائے پر رکھے گئے ایک ایجنٹ تھے، انہوں نے بتایا کہ انہیں اور ان کے دوستوں کو قطار میں جگہ محفوظ کرنے کے لیے معاوضہ دیا گیا تھا، کیونکہ ان کے کلائنٹس ممکنہ طور پر یہ بیگز مہنگے داموں فروخت کرنا چاہتے تھے۔

ہر خریدار کو صرف دو بیگز خریدنے کی اجازت تھی، اور سخت مقابلے کی فضا میں یہ سیل صبح 10 بجے شروع ہونے والی تھی۔ ایجنٹس کو کامیاب خریداری پر 800 بھات، ایک بیگ کے لیے 700 بھات اور ناکامی کی صورت میں 400 بھات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

پولیس کی آمد سے پہلے ہجوم منتشر

جھگڑے کو دیکھنے والے پونگساکسری نے کہا کہ سیکیورٹی عملہ اس درجنوں افراد پر مشتمل ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا۔ تاہم، پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی مجمع منتشر ہوگیا اور کسی بھی قسم کی باضابطہ شکایت یا چوٹ کی اطلاع نہیں ملی۔

دکان نے فروخت معطل کردی

برینڈ کی سوشل میڈیا ٹیم نے 22 مارچ کو اعلان کیا کہ محفوظ ماحول کی فراہمی تک ہینڈ بیگز کی فروخت غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردی گئی ہے۔

ڈبلن کے شاپنگ سینٹر میں بھی ہنگامہ

اسی ہفتے، آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں بھی ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب ایک قریبی سڑک پر چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والا شخص سینٹر کے اندر چلا آیا۔

یہ واقعہ ہنری اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک شخص کو چاقو مارا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد، پولیس اور پیرا میڈکس جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو سیل کردیا۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک مگر خطرے سے باہر بتائی گئی۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ’ہر طرف خون ہی خون تھا‘، اور خوف زدہ لوگ بھاگتے ہوئے شاپنگ سینٹر سے باہر نکل رہے تھے۔ تاہم، کچھ دیر بعد سینٹر کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ پولیس اب بھی واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

Limited Addition Handbag

Sale Brawl