Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

ساحل پر پراسرار ’انسانی سر کے ڈھانچے والی‘ مخلوق دیکھ کر لوگ حیران

اس طرح کی عجیب و غریب مخلوقات کا سامنے آنا کوئی نیا واقعہ نہیں
شائع 23 مارچ 2025 05:20pm

برطانیہ میں ایک جوڑا اس وقت حیران رہ گیا جب انہیں ساحل پر چہل قدمی کے دوران ایک پراسرار ’’ڈھانچہ نما‘‘ مخلوق نظر آئی۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق، پاؤلا اور ڈیو ریگن نامی جوڑے نے 10 مارچ کو انگلینڈ کے علاقے مارگیٹ، کینٹ کے ساحل پر ایک عجیب و غریب مخلوق دیکھی، جس کی تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

تصاویر میں دکھایا گیا کہ یہ مخلوق جزوی طور پر ریت میں دبی ہوئی تھی اور اس کے ارد گرد سمندری گھاس موجود تھی۔ اس کا جسم ایک مچھلی کی دم سے مشابہت رکھتا تھا جبکہ دھڑ اور سر کسی خلائی مخلوق جیسے لگ رہے تھے۔

پاؤلا ریگن نے بتایا، ’میرے لیے یہ سمجھنا ناممکن تھا کہ یہ کیا چیز ہے۔ یہ سب سے عجیب چیز تھی جو میں نے دیکھی۔ پہلے تو میں نے سوچا کہ یہ کوئی لکڑی کا ٹکڑا یا مردہ سیل (مہر مچھلی) ہوسکتی ہے کیونکہ اس کی دم عجیب سی لگ رہی تھی۔‘

انسان یا گھوڑا؟ شرکاء ایوارڈ شو میں عجیب سی مخلوق دیکھ کر حیران رہ گئے

انہوں نے مزید کہا، ’اس کا سر ڈھانچے جیسا تھا، لیکن جس جگہ مچھلی کی دم تھی، وہ نرم اور لچکدار محسوس ہو رہی تھی۔ یہ نہ تو چپچپا تھی اور نہ ہی بوسیدہ، مگر یہ بالکل پراسرار تھی۔‘

ایک سوشل میڈیا صارف نے بھی اس پراسرار مخلوق کی تصاویر شیئر کیں، جس کے بعد یہ معاملہ وائرل ہوگیا۔

پاؤلا ریگن کے مطابق، ’یہ مخلوق دیکھ کر ایک چھوٹا ہجوم وہاں اکٹھا ہوگیا، لیکن کوئی بھی یہ نہیں سمجھ پایا کہ یہ آخر ہے کیا۔‘

گہرے سمندر میں پائی جانے والی خوفناک اور عجیب مخلوقات

’کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ کسی کشتی سے گری ہوگی، جبکہ کچھ نے کہا کہ یہ کسی جہاز کے اگلے حصے پر بنی ہوئی تراشیدہ پری نما مخلوق ہو سکتی ہے۔ میں جانتی تھی کہ اگر ہم تصویر نہ لیتے تو کوئی ہماری بات کا یقین نہ کرتا۔‘

عجیب و غریب مخلوقات کا سامنے آنا کوئی نیا واقعہ نہیں

یہ پہلا موقع نہیں جب کوئی عجیب مخلوق عوام کو حیران کر چکی ہو۔ گزشتہ ماہ ایک روسی ماہی گیر نے سمندر کی گہرائیوں سے ایک انوکھی اور پہلے کبھی نہ دیکھی گئی مخلوق پکڑی، جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔

رومن فیڈورٹسوو نامی ماہی گیر نے گلف میں ماہی گیری کے دوران ایک سرمئی رنگ کی، گول مٹول اور عجیب شکل کی مچھلی دریافت کی۔

انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اسے ”اسمووتھ لمپ سکر“ قرار دیا، جو ایک سمندری مچھلی کی قسم ہے اور ایک فٹ سے زیادہ لمبی ہو سکتی ہے۔

خلائی مخلوق کی طرح نظر آنے والے 10 عجیب و غریب پرندے

اسی طرح، گزشتہ سال جون میں ایک امریکی ماہی گیر نے ایک ایسی سمندری مخلوق پکڑی جس کا ’’سب سے عجیب منہ‘‘ تھا۔ ایرک اوسینکی نامی ماہی گیر نے نیویارک کے ہڈسن ویلی میں اس عجیب و غریب جانور کی تصاویر کھینچ کر فیس بک گروپ میں شیئر کیں۔

یہ مخلوق ”سی لیمپری“ نکلی، جو ایک خونخوار سمندری جانور ہے۔ یہ مچھلی دیگر مچھلیوں سے چمٹ کر ان کے جسمانی مائع کو چوس کر اپنی خوراک حاصل کرتی ہے۔ اس کا منہ ایک طاقتور سکشن ڈسک کی طرح کام کرتا ہے، جس میں تیز دانتوں کی کئی قطاریں ہوتی ہیں، جو شکار کی جلد میں سوراخ کرکے اس کا خون نکال لیتی ہیں۔

England

Aliens on Earth

Alien Sea Creature