افغان طالبان حکام کے ساتھ سفارتی رابطہ؛ تعلقات بہتر کرنے کیلئے ہائی لیول روابط پر اتفاق
افغان طالبان حکام کے ساتھ سفارتی رابطہ کے لیے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق 3 روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صادق خان افغان عبوری حکومت سے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
کابل پہنچنے پر نمائندہ خصوصی برائےافغانستان محمد صادق نے افغان وزیرخارجہ امیر متقی سے ملاقات کی، اور پاک افغان تعلقات پر گفتگو کی۔ ملاقات میں تعلقات بہتر کرنے کیلئے ہائی لیول روابط پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان 21 سے 23 مارچ تک کابل کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ہدایت پر کیے جانے والے اس دورے میں محمد صادق خان افغان عبوری حکومت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے اس دورے کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔