عدالت کے احکامات کو مذاق بنا دیا گیا، ایسا لگتا ہے کسی کو عدالتی احکامات کی پروا نہیں، جسٹس جمال مندوخیل
سپریم کورٹ میں سیکرٓیٹری تعلیم کی عدم حاضری پرجسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے احکامات کو مذاق بنا دیا گیا ایسا لگتا ہے کسی کو عدالتی احکامات کی پروا نہیں، انھوں نے آئندہ سماعت پر صوبائی سیکرٹری تعلیم ،صوبائی سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری مواصلات کو طلب کر لیا۔
کے پی کے سرکاری اسکولوں کی حالت زار سے متعلق ازخودنوٹس کیس سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اظہارِ برہمی کیا۔ وقفے کے بعد سیکرٹری تعیلم سمیت دیگرسیکرٹریز پیش نہ ہوسکے ۔ آئینی بینچ نےآئندہ سماعت پرسیکرٹریز کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالت نے خیبرپختونخواکے سیکرٹریز سے تحریری وضاحت طلب کرلی، آئینی بنچ نے کے پی سیکرٹریز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سیکرٹریزبتائیں کہ عدالتی احکامات پرعملدرآمد کیوں نہیں ہوا۔ بتایا جائے عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کاروائی کیوں نہ کی جائے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سیکرٹری مواصلات کی میڈیکل رپورٹ آئی ہے، رپورٹ 11 بج کر13 منٹ پربنوائی گئی جب ہم بینچ سے اٹھ چکے تھے، میڈیکل بورڈ بلا کراس رپورٹ کا جائزہ لے لیتے ہیں۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ کے پی نے بتایا کہ سیکرٹری تعلیم اورسیکرٹری خزانہ ہزارہ انٹرچینج تک پہنچے ہیں، جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ سیکرٹریز ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔