پہلی بیوی سے ملنے کا اب تک موقع نہیں ملا، رنبیر کپورکے تہلکہ خیز بیان پر مداح حیران
بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ عالیہ بھٹ ان کی پہلی بیوی نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں رنبیر کپور نے ایک مزاحیہ قصہ سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی ”پہلی بیوی“ ایک مداح ہے جس سے وہ ابھی تک نہیں مل پائے۔
فلم ’گجنی‘ میں کلپنا ’عامر‘ کی حقیقت جانے بنا کیوں مری؟ ڈائریکٹر کا انکشاف
رنبیر کپور نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایک خاتون مداح نے یہ سمجھا کہ وہ ان سے شادی کر چکی ہے۔ اداکار نے بتایا کہ یہ مداح ان کے بنگلے کے باہر آ کر ایک پنڈت کے ساتھ آئی تھی۔ وہ اپنے والدین، رشی کپور اور نیتو کپور کے ساتھ اسی بنگلے میں رہتے تھے، لیکن اس وقت شہر سے باہر تھے۔
رنبیر نے مزید کہا کہ چوکیدار نے انہیں اطلاع دی کہ یہ لڑکی منگل سوتر پہنے، سندور لگا کر اور پنڈت کی موجودگی میں ان کے گھر کے دروازے پر آئی تھی اور شادی کی رسم ادا کی۔ ان کے گیٹ پر ٹیکا اور پھول بھی رکھے گئے تھے۔
رنبیر نے مزاحیہ انداز میں کہا، وہ میری سب سے بڑی مداح تھیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ کچھ پاگل پن تھا۔ میں اس وقت شہر سے باہر تھا، اس لئے ابھی تک اپنی پہلی بیوی سے نہیں مل سکا۔
رنبیر کپور اس وقت اپنی نئی فلم ’لو اینڈ وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔