آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں، جمیل احمد
اسٹیٹ بینک گورنر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ اگر کوئی مسئلہ ہوا تو وہ وفاقی حکومت سے متعلق ہوسکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مسئلہ آیا تو وہ وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات سے متعلق ہو سکتا ہے، کیونکہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دینے میں وقت لگتا ہے۔
گورنراسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، لیکن معاہدے کے لیے کوئی حتمی تاریخ فراہم نہیں کی جا سکتی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 3 سے 14 مارچ تک جاری رہے، تاہم دونوں فریق اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کی وجہ سے اسٹاف لیول معاہدے پر نہیں پہنچ سکے۔