Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
21 Ramadan 1446  

ڈیرہ اسماعیل خان: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 10 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن حسنین اختر شہید

ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
اپ ڈیٹ 12 گھنٹے پہلے

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن حسنین اختر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

صدرمملکت اور وزیراعظم کا خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف زرداری نے ڈی آئی خان میں کامیاب آپریشن پرفورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر فورسزکی بہادری کو سراہا۔

صدر نے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انھوں نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر آصف زرداری نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ڈی آئی خان میں کارروائی پرفورسزکوخراج تحسین کیا اور 10 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر افسران و اہلکاروں کی تعریف کی۔

انھوں نے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبرکی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم شہید، ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Dera Ismail Khan

security forces operation