Aaj News

اتوار, مارچ 23, 2025  
22 Ramadan 1446  

”دو میچ ہار گئے تو کیا ہوا، ہم اصل تیاری تو ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی کر رہے ہیں“

دورہ نیوزی لینڈ میں پے در پے شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا انوکھا بیان
شائع 2 دن پہلے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے ٹیم کی تشکیل نو کے مرحلے سے گزرنے کا مقصد یہ نہیں کہ جیتنا نہیں ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور سیریز جیت سکتی ہے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ایک یا دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تشکیل نو کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ جیت کی خواہش نہیں، نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر ان کھلاڑیوں کے لیے جنہوں نے بیرون ملک کم کرکٹ کھیلی ہو۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ دو میچ ہارنے کے بعد مداح ناراض ہو جاتے ہیں، لوگ ہمیشہ جیت دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں، لیکن بعض اوقات وقت لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق گفتگو اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے، جو ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیاب رہی وہ بھی دو سال قبل کی بات ہے، کرکٹ مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور اب ٹی ٹوئنٹی ٹیمیں علیحدہ سے تشکیل دی جا رہی ہیں، اسی طرز پر ہم بھی اپنی ٹیم تیار کر رہے ہیں۔

عبوری ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹس بھارت میں ہوں گے، ایشیا کی پچوں پر بڑے اسکور بنتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں سیریز جیتنا آسان نہیں ہوتا۔ نوجوان کھلاڑی اگر مشکل کنڈیشنز میں کھیلیں گے تو ان کا اعتماد بڑھے گا اور یہ تجربہ ایشیائی کنڈیشنز میں بہت فائدہ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی اصل تیاری ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ہو رہی ہے، جیسے ہی صائم ایوب اور فخر زمان ٹیم میں شامل ہوں گے، کمبی نیشن مزید مضبوط ہو جائے گا۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کسی فاسٹ بولر کو چار چھکے لگ جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں، فاسٹ بولرز کو اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری لانی چاہیے۔ شاہین شاہ آفریدی کو اپنی گیم مزید بہتر کرنی ہوگی اور اگر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا ہے تو مزید محنت درکار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، اگر پاکستانی بیٹرز اوپر کے نمبروں پر اچھا اسکور کریں تو ٹیم کے جیتنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

Pakistan Cricket Team

t20 series

t20 cricket

Pakistan vs New Zealand

aqib javed

pakistan head coach